Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ذہنی امراض اور ٹینشن میں کمی کا منفرد طریقہ، ’ساؤنڈ باتھ‘

یہ کس طرح تناؤ کو دور کرنے، توانائی بڑھانے اور نیند کو بہتر بنانے میں معاون ہے؟
شائع 24 فروری 2024 10:14pm

دنیا بھر میں مختلف ذہنی عارضوں کے لیے کچھ منفرد طریقہ علاج استعمال کیے جاتے ہیں جن میں اروما تھراپی، یوگا کی مشقیں، مراقبہ اور ساؤنڈ باتھ شامل ہیں۔

ساؤنڈ باتھ ایک ایسا طریقہ ہے جس میں انسان کو آرام دہ حالت میں لٹا کر مختلف آوازیں سنائی جاتی ہیں جو تناؤ کو دور کرنے، توانائی بڑھانے اور نیند کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی پبلک ہیلتھ ریسرچ سائیکالوجسٹ تمارا گولڈسبی کے مطابق ساؤنڈ باتھ میں پانی کی آواز شامل نہیں ہوتی تاہم اس میں گھنگھرو، گھنٹیوں اور مختلف دھات کے پیالوں کی آوازیں شامل ہوتی ہیں، جو تناؤ کو دور کرنے اور درد کو بھی کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک تحقیق بھی کی گئی جس میں ایک شخص کو آرام دہ حالت میں الٹا لٹا کر اس کے آگے دھات کا ایک بڑا پیالہ رکھا گیا، ایک پیالہ اس کی پیٹھ پر، ایک پیالہ کمر کے نچلے حصے پر جبکہ ایک پیالہ پنڈلیوں پر رکھا گیا۔

ان تمام پیالوں کا سائز مختلف تھا اور انہیں لکڑی کی ڈنڈی سے بجایا گیا تاکہ وہ شخص اس آواز کو اپنے اندر محسوس کر سکے۔

تحقیق کے نتائج حیران کن تھے، محققین کے مطابق ساؤنڈ باتھ منفی مزاج کی حالتوں میں تناؤ، اضطراب، افسردگی اور غصے کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے، جبکہ یہ روحانیت میں اضافہ کے ساتھ جسمانی درد میں کمی کا باعث بنتا ہے۔

یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ تناؤ اور اضطراب پورے جسمانی نظام متاثر کر سکتا ہے، جس سے سوزش، درد، بے چینی، غصہ، بے سکونی، پیٹ کی خرابی اور نیند کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں اور مجموعی صحت کو بہتر بنانے کے لیے اسے کم کرنا بہت ضروری ہے۔

ماضی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق محض 15 منٹ کے ساؤنڈ باتھ نے کورٹیسول میں کمی کی جو کہ تناؤ کا ہارمون ہے۔

ساؤنڈ باتھ علاج کا دورانیہ 30 سے 90 منٹ پر مشتمل ہوتا ہے، یہ انفرادی سطح پر یا گروپ میں بھی میں کیا جا سکتا ہے تاہم اسے گھر پر انجام دینا ممکن نہیں ہے یہ کسی ماہر کی موجودگی میں ہی کیا جاتا ہے۔

ساؤنڈ باتھ میں موسیقی کے لیے جو آلات زیادہ عام ہیں وہ دھاتی یا کرسٹل کوارٹز کے مرکب سے تیار پیالے ہوتے ہیں جو ایک بہت ہی منفرد قسم کی آواز پیدا کرتے ہیں۔

یہ صرف ایک پریکٹس ہے، ایک بہت پرانی پریکٹس، جو تناؤ میں کمی کا باعث بنتی ہے۔

Mental health

Sound Bath

Mental Peace