Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ایران نے پاکستانی حدود میں ایک اور کارروائی کی ہے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

ایران نے جیش العدل کے اعلیٰ کمانڈر کو نشانہ بنایا، بھارتی میڈیا
شائع 24 فروری 2024 04:09pm

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فوج نے مبینہ طور پر ایک بار پھر پاکستانی حدود میں آپریشن کرتے ہوئے عسکریت پسند گروپ ”جیش العدل“ کے ایک سینئر کمانڈر اسماعیل شاہ بخش اور اس کے کچھ ساتھیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی حکام کو کوئی سرکاری بیان اب تک سامنے نہیں آیا ہے اور نہ ہی آج نیوز اس دعوے کی آزادانہ طور پر یا اعلیٰ حکام سے تصدیق کرسکا۔

بھارتی میڈیا نے آپریشن کے حوالے سے کسی مخصوص مقام یا علاقے کا ذکر نہیں کیا، تاہم یہ ضرور بتایا کہ آپریشن جس جماعت کے خلاف کیا گیا اس کا ہیڈ کوارٹر بلوچستان کے علاقے سیستان میں موجود ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دعویٰ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دونوں ممالک ایک دوسرے کے خلاف کارروائیوں اور فضائی حملوں کے ایک ماہ بعد بھی ’غلط فہمیاں‘ دور کر رہے ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان میں حالیہ عام انتخابات کے اختتام کے بعد اس طرح کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 2012 میں قائم ہونے والی جیش العدل کو ایران نے ”دہشت گرد“ تنظیم کے طور پر نامزد کیا ہے، یہ ایک سنی دہشت گرد گروہ ہے جو ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں سرگرم ہے۔

اس گروپ کی ایرانی سکیورٹی فورسز کے خلاف حملے کرنے کی تاریخ ہے۔

پاکستانی فضائی حملوں کے بعد دونوں ممالک نے باہمی طور پر سیکورٹی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔

16 جنوری کو ایران نے پاکستان کی حدود میں فضائی حملہ کیا تھا جس کے بعد پاکستان نے اپنا سفیر واپس بلا لیا تھا۔

18 جنوری کو، پاکستان نے جوابی کارروائی کی اور یہ کہتے ہوئے فضائی حملے کیے کہ اس نے ’دہشت گرد عسکریت پسند تنظیموں‘ پر حملہ کیا۔

Pak Iran Border

Iran Operation inside Pakistan