Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

نگراں وزیراعلی پنجاب کو کس کام کے بدلے کتنی رشوت کی پیشکش ہوئی

نگراں کابینہ نے اس مدت کے دوران کوئی تنخواہ نہیں لی، محسن نقوی
شائع 24 فروری 2024 11:37am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے الوداعی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ مجھ سے زیادہ میری ٹیم نے محنت کی ہے، گڈ گورننس کا کامیاب تجربہ کر کے جارہے ہیں۔ یہ انکشاف بھی کیا کہ انہیں ایک کام کے بدلے بھاری رشوت کی پیشکش کی گئی۔

پنجاب کی نگران کابینہ کے الوداعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت نے کم مدت میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، بیوروکریسی کبھی کام میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی، یہ بیوروکریسی ساتھ چلنے والی اور آپ کو کامیاب بنانے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے 2 معاون اور 8 وزرا نے ہر موقع پر ساتھ دیا، میرے ساتھ وہ دن رات کام کرتے تھے، کوئی کسی پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ نگران حکومت نے سفارشی کلچر کی حوصلہ شکنی کی۔

وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ ایک ایکسیئن کے آرڈر کرنے کے 20 کروڑ روپے آفر ہوئے، الیکٹرک بسوں کے ٹینڈر میں 5 سے 10 ملین ڈالر آفر ہوئے مگر ہمارا ایمان نہیں ڈگمگایا، نگران کابینہ نے اس مدت کے دوران کوئی تنخواہ نہیں لی۔

محسن نقوی نے مزید کہا 13 ماہ کے دوران کوئی کمشنر یا آر پی اوز تبدیل نہیں کیے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے میرا بھر پور ساتھ دیا ،اس عرصے کے دوران ہم نے کسی جگہ آر پی او اور کمشنر تبدیل نہیں کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی سی اور ڈی پی اوز نے بھی ہمت سے کام کیا، وزیراعلیٰ ہاوس کے پورے اسٹاف نے بھی بھر پور ساتھ دیا۔

punjab cabinet

mohsin naqvi

CARETAKER CM PUNJAB