Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی کابینہ نے آرمی چیف کو ترکیہ حکومت کا اعلیٰ فوجی ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دے دی

نگران وزیراعظم نے مختصر عرصے کے دوران کابینہ اور سول سرونٹس کی ان تھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا
شائع 22 فروری 2024 09:13pm

وفاقی کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ترک حکومت کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ملٹری ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دے دی۔

ایسوسی ایٹڈ پریوس آف پاکستان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین تعاون کے حوالے سے ان کی خدمات کے اعزاز میں حکومت ترکیہ کی جانب سے ”ٹرکش آرمڈ فورسز لیجن آف میرٹ“ ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری دی گئی۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نگراں حکومت کے مختصر عرصے کے دوران اپنی کابینہ اور سول سرونٹس کی ان تھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں، نگران حکومت کے مختصر وقت میں کابینہ نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ ہم منتخب حکومت کے لئے ایک ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام اور قومی مفاد کے لئے مفید ثابت ہو گا۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسی سازی میں ملکی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ترقی و استحکام کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کابینہ سیکرٹری نے وفاقی بیوروکریسی کی جانب سے وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش اہم چیلنجز میں آپ کی طرف سے ملکی مفاد میں اہم مشکل فیصلے لئے گئے جن کے دوررس نتائج نکلیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پر لبنیٰ فاروق ملک کی ڈیپوٹیشن بطور ڈائریکٹر جنرل، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ (ایف ایم یو) کی مدت میں 9 جون 2023 سے 8 جون 2024 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، حکومت پاکستان اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچر انوویشن ، متحدہ عرب امارات کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلا پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول ستمبر 2024 میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان میں کھجور کی پیداوار کا فروغ ہے۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے13 اور 14 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات16 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 16 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

Army Chief General Asim Munir

Turkiye Military Award

turkish armed forces legion of merit