Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

انتخابی عذرداری: سلمان اکرم راجہ اور شعیب شاہین کی درخواستیں مسترد

سلمان اکرم راجہ الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرسکتے ہیں، فیصلہ
اپ ڈیٹ 22 فروری 2024 10:16pm

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 128 لاہور پر سلمان اکرم راجہ کی اور این اے 47 اسلام آباد پر شعیب شاہین کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے دو ممبران نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر فیصلہ تحریر کیا جس میں درخواست مسترد کرتے ہوئے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کردیا گیا اور کہا گیا کہ سلمان اکرم راجہ الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرسکتے ہیں۔

گزشتہ روز این اے 128 کے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اصل فارم 45 عدالت پیش کرنے کے احکامات جاری کرے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں این اے 128 کے آزاد امیدوار سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت ہوئی تھی، جس میں انہوں نے دلائل پیش کیے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق ہم جیت چکے لیکن فارم 47 میں ہرا دیا گیا، عدالتی احکامات کے باوجود فارم 48 جاری کرتے ہوئے ہمیں نوٹس جاری نہیں کیا گیا۔

آزاد امیدوار نے ای سی پی کے روبرو کہا کہ الیکشن کمیشن اصلی فارم 45 عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کرے، ہم 82 ہزار کی لیڈ سے جیت چکے تھے لیکن ہمیں 13 ہزار سے ہرایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن فارم 45، 47، 48 سمیت دیگر ریکارڈ قبضے میں لے کیونکہ ہمیں اس میں ردوبدل کاخدشہ ہے۔

سلمان اکرم راجا نے یہ بھی کہا کہ جو ہم نے فارم 45 دیے، اس کے مطابق صوبائی اور قومی اسمبلی کے کاسٹنگ ووٹ میں واضح ہے، ہمارے مطابق ایک لاکھ 10 ہزار جعلی ووٹ شامل کیے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ووٹر صوبائی اسمبلی کا ووٹ کاسٹ کرے اور قومی اسمبلی کا ووٹ نہ ڈالے، خود پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا پھر یہ بات کر رہا ہوں۔

این اے 128 کے آزاد امیدوار نے مزید کہا کہ میں رات ساڑھے 12 بجے آر او آفس گیا لیکن مجھے اندر نہیں جانے دیا گیا، اس کے بعد رات 4 بجے پھر گیا لیکن دوبارہ اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اس حوالے سے اپنی ویڈیوز بھی جاری کیں۔

اس موقع پر این اے 128 کے کامیاب امیدوار عون چوہدری کے وکیل نے کہا کہ یہ الیکشن ٹریبونل کا کیس بنتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کا کیس نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق فارم 47 بناتے وقت امیدوار کا ہونا ضروری نہیں۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

شعیب شاہین کی درخواست بھی مسترد

الیکشن کمیشن نے آزاد امیدوار شعیب شاہین کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے اور حلقہ سے کامیاب آزاد امیدوار ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا نوٹیفکیشن بحال کردیا ہے۔

Aun Chaudhry

Election Commission of Pakistan (ECP)

salman akram raja

na 128