Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

’جنہیں مینڈیٹ ملا انہیں حکومت بنانے دیں، پھر عوام کو فیصلہ کرنے دیں حکومت کتنی کامیاب ہوئی‘

کوئی بھی حکومت لینے کو تیار نہیں، ناصر حسین شاہ
شائع 20 فروری 2024 09:21pm

سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ آنے والا وقت بہت کٹھن ہے، جو بھی حکومت بنی وہ مضبوط نہیں ہوگی۔

آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ عوام نے جنہیں مینڈیٹ دیا ہے انہیں حکومت بنانے دیں، بعد میں پھر عوام کو فیصلہ کرنے دیں حکومت کتنی کامیاب ہوئی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ سیاست میں بنیادی مسائل پر گفتگو نہیں ہورہی، کسی نے ایک کروڑ نوکریوں کا نہیں پوچھا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ آنے والے وقت میں مزید مسائل ہوں، ملک کو سیاست دانوں اور اسٹیبلشمنٹ نے مل کر یہاں پہنچایا ہے، سیاست الجھاؤ کا شکار ہے، عوام نے مشکل حالات میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اسلام آباد کی تینوں سیٹیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، اسلام آباد کی تینوں سیٹوں پر ہیرا پھیری ہوئی ہے تو ملک کے دیگرحصوں میں کیا ہوا ہوگا، عوام سیاست دانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پروگرام ممیں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر افنان اللہ خان نے کہا کہ ن لیگ لچک دکھانے کے لیے تیار ہے، پیپلز پارٹی تمام آئینی عہدے لینے کی خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بچانے کے لیے قربانی دینا ہوگی، ملک کو بچانے کے لیے ذمہ داری ہمیشہ مسلم لیگ ن ہی کی نہیں ہے، ریاست بچانے کے لیے سیاست کی ن لیگ نے قربانی دی۔

سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو حکومت بنانے سے نہیں روک رہے۔

سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک نے آئین و قانون کے تحت چلنا ہے یا طاقت کے زور پر چلنا ہے، آئین میں جو ہے اس پرعمل درآمد نہیں ہورہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات ٹھیک کرنا بڑا مسئلہ نہیں، پی ٹی آئی کو مخصوص سیٹیں ملنا چاہیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی موجود کرائسز سے ملک کو نکالنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس زیادہ سیٹیں ہیں تو وہ حکومت بنائے، لیکن وہ اپنے رویے میں لچک تو دکھائے۔

ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہم وفاق میں وزارتیں نہیں لیں گے، پیپلز پارٹی نے آئینی عہدے مانگے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کسی طرح حکومت قائم ہوجائے، ہمیں پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دینی چاہیے، لیکن وہ کسی سے بات کرنے کے لیے تیار نہیں، کوئی بھی حکومت لینے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں قومی حکومت کی ضرورت ہے، ملک میں مہنگائی اور دہشت گردی ہے، ہمیں ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مخصوص سیٹوں کے حوالے سے ابہام موجود ہے۔

Nasir Hussain Shah

Mustafa Nawaz Khokhar

Senator Afnan Ullah