Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ویرات کوہلی بھی ڈیپ فیک کا شکار ہوگئے، ویڈیو وائرل

ویرات کی جعلی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین میں ہلچل مچا دی
شائع 20 فروری 2024 06:49pm

بھارت کے معروف اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر ویرات کوہلی ڈیپ فیک ویڈیوز کے متاثرین کی فہرست میں شامل ہونے والی تازہ ترین شخصیت بن گئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں انہیں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ آواز میں ایک آن لائن بیٹنگ ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیو دراصل 2018 میں گراہم بینسنجر کو دیے گئے کوہلی کے انٹرویو کا ڈب ورژن ہے۔

اس جعلی اور گمراہ کن ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین میں ہلچل مچا دی ہے۔

کوہلی کے انٹرویو کی اس فوٹیج کو اے آئی سے تیار کردہ آواز کے ساتھ مورفڈ اور ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

اس ویڈیو نے جلد ہی سوشل میڈیا پر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی اور ویرات کی ساکھ کو کافی حد تک نقصان بھی پہنچایا۔

ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کوہلی نے کس طرح تین دن میں صرف 1000 روپے لگا کر 81 ہزار روپے کمائے۔

کوہلی کی اے آئی سے تیار کردہ آواز نے ویڈیو میں کہا کہ ’ اس ایپ کے ساتھ دو ہزار فیصد جیت یقینی ہے، آپ کم خرچ کرکے زیادہ پیسے کما سکتے ہیں’۔

واضح رہے کہ اس طرح کی کوششیں خطرناک اثر ڈال سکتی ہیں کیونکہ کوہلی کا اسٹارڈم اور اثر و رسوخ دنیا بھر میں ان کے لاکھوں مداحوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اس سے قبل بھارت کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر ڈیپ فیک ویڈیوز کا نشانہ بنے تھے۔

سچن بھی ایک جعلی ویڈیو میں، آن لائن بیٹنگ ایپ کی تشہیر کرتے ہوئے نظر آئے تھے۔

مصنوعی ذہانت کے ظہور کے ساتھ ہی حالیہ دنوں میں کئی مشہور شخصیات کی جعلی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔

ان شخصیات میں رشمیکا مندنا، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف اور کاجول جیسی مشہور اداکارائیں بھی شامل ہیں۔

virat kohli

Deep Fake Video