Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اگر بشریٰ بی بی کو کچھ ہوا تو تم سب کا بدترین حشر ہوگا، پی ٹی آئی رہنما کی دھمکیاں

عمران خان کی ہمشیرہ نے بشری بی بی کے معائنے کیلئے درخواست دے دی
اپ ڈیٹ 20 فروری 2024 12:02pm

بشریٰ بی بی کی طبیعت اڈیالہ جیل میں خراب ہونے پر پی ٹی آئی رہنما نے تشویش کا اظہار کر دیا، قاسم سوری کا کہنا تھا کہ اگر سابق خاتون اول کو کچھ ہوا تو تم سب کا بدترین حشر ہوگا۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے، کہ اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہے۔

قاسم سوری کی جانب سے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں کہنا تھا کہ ان کے طبی معائنے پر پابندی لگائی گئی ہے، رہنما کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھر وارننگ دے رہا ہوں کہ بشریٰ بی بی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، انہیں طبی معانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ ’جس نے بھی انہیں کھانےمیں غلط چیز ڈال کے کھلائی اور طبی معائنے پر پابندی لگائی ہے اگر بشریٰ بی بی کو کچھ ہوا تو تم سب کا بدترین حشر ہونا ہے۔‘

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کی بہن عظمیٰ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر عاصم یوسف کو بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی اجازت دی جائ۔

جبکہ ایک اور پوسٹ میں قاسم سوری نے دعویٰ کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کا خوفناک انکشاف کہ ’انہیں کھانے میں تیزاب نما کچھ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں پچھلے 6 دن سے شدید تکلیف ہے، منہ اور گلے میں شدید چھالے ہیں وہ کچھ کھا نہیں پا رہی ہیں، ’انتہائی تشویشناک ہے ان کی جان کو شدید خطرہ ہے، دشمن بہت گھٹیا اور ایسی کوئی مہم ملک کو تباہ کر دے گی۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی طرف سے نامزد وزیر اعظم عمر ایوب خان کی جانب سے بھی بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

واضح رہے بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں ہیں، جبکہ ان سے متعلق بیٹی کا کہنا تھا کہ میری والدہ کو خراب کھانا دیا گیا تھا، جس کے باعث ان کا معدہ خراب ہے اور ان کے گلے میں جلن ہو رہی ہے۔

Qasim Suri

bushra bibi