Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی محاذ آرائی کی طرف نہیں جائے گی، تیمور سلیم جھگڑا

مسلم لیگ ن کے لیے پنجاب میں بھی حکومت بنانا چیلنج ہوگا، سلیم مانڈوی والا
شائع 19 فروری 2024 11:22pm
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ وفاق میں حکومت بنانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہماری جماعت محاذ آرائی کی طرف نہیں جائے گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لیے پنجاب میں بھی حکومت بنانا چیلنج ہوگا۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم نے الیکشن کے نتائج اور خواتین کی خصوصی نشستوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مخصوص نشسیں ملنی چاہئیں۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد کرلیا ہے، تاہم تیمور سلیم نے ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین (پی ٹی آئی پی) سے الحاق نہیں کریں گے۔

الیکشن کے بعد مرکز میں حکومت سازی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وفاق میں حکومت بنانے کی کوشش کررہے ہیں، کیونکہ عوام نے ہمیں بڑھ چڑھ کر ووٹ دیے ہیں۔

سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات پر بات کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پشاور کے تمام آر او اب تک غائب ہیں۔

سلیم مانڈوی والا

پیپلزپارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنے گی۔ ہم نے آئینی عہدے مانگے تھے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے لیے پنجاب میں بھی حکومت بنانا چیلنج ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ شروع سے کہہ رہی ہے پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت کا حصہ بنے، پیپلزپارٹی کا وفاق میں وزارتیں لینے کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ایوان میں مضبوط اپوزیشن ہوگی، حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مضبوط ہوئی تو آئی ایم ایف سے ڈیل مشکل نہیں ہوگی۔

pti

Pakistan Politics

Pakistan People's Party (PPP)

election 2024 results

PTI PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)