حکومت 6 ماہ سے زیادہ نہیں چل سکے گی، فیصل واوڈا
سینئر سیاستدان اور سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ لنگڑی لولی حکومت بنتی نظر آرہی ہے، مجھے نہیں لگتا یہ حکومت 6 ماہ سے بھی زیادہ چل سکے۔ پی ٹی آئی پنجاب اور مرکز میں حکومت نہیں بناسکتی۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اب بلے بلے ہے، زرداری صاحب اسمارٹ کھلاڑی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ تمام اہم عہدے پیپلزپارٹی کے پاس ہیں، صدارت کسی اعلی شہرت والے کو ملے گی۔ سندھ اور بلوچستان کی وزارت اعلی پیپلزپارٹی لے گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا، پی ٹی آئی جے یوآئی سے اتحاد قیامت کی نشانی ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی مولا جٹ کی سیاست چھوڑ دے، جمہوری طریقے سے حکومت بنائے، یہ جمہوریت کے لیے پی پی اور ن لیگ سے اتحاد کرلے۔
سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں فصلی بٹیرے شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں رہنا ہے تو انھیں دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص سیٹیں نہیں ملیں گی، سسٹم کو سسٹم کے تحت لے کر چلنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹاری میں کمشنر چھٹہ جیسی چیزیں رکھی ہوتی ہے، ان کا ضمیر ریٹائرمنٹ کے 10 دن پہلے کیسا جاگا۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ شوشل میڈیا کو دھندے سے لگا دیا ہے، انجوائے کریں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب اور مرکز میں حکومت نہیں بناسکتی، چاند پر جا کر حکومت بنا سکتی ہے تو بنا لے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے حکومت کے دعوے کیے، آنے والے الیکشن یہ سب جماعتیں نہیں ہوں گی۔
Comments are closed on this story.