Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت سازی پر ملاقاتیں، اسحاق ڈار نے دونوں جماعتوں کو لب کشائی سے روک دیا

دونوں جماعتوں میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں، لیگی رہنما
شائع 18 فروری 2024 09:58pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور کوآرڈینیشن کمیٹی کے سربراہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت سازی کے حوالے سے پی پی اور ن لیگ کی رابطہ کمیٹیوں کے درمیان طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔

ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اکابرین سے درخواست ہے کہ بات چیت کے لئے کمیٹیوں کے درمیان وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔

انھوں نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ دونوں جماعتوں کی تشکیل کردہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا کوئی رکن یا رہنما بات چیت کے جاری عمل اور اس میں زیر غور نکات پر بیان بازی نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے اور مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ مشاورت کے چار دور مکمل ہو چکے ہیں اور پیر کی دوپہر پانچویں نشست طے ہو چکی ہے جس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔

Pakistan Politics

Pakistan People's Party (PPP)

election 2024 results

PTI PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)