Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹیسٹ ڈیبیو پر 2 ففٹیاں جَڑنے والے دلاور حسین کون تھے؟

قیامِ پاکستان کے بعد ایم اے او کالج لاہور کے پرنسپل بنے، ان کے بیٹے وقار احمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی۔
شائع 18 فروری 2024 03:57pm

دلاور حسین متحدہ ہندوستان کے ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹر تھے۔ انہوں نے 1933 سے 1936 کے دوران انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچ کھیلے۔

دلاور حسین 19 مارچ 1907 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اور وہیں ان کا انتقال ہوا۔

ڈی آر جارڈن کی قیادت میں بھارت آنے والی انگلش ٹیم کے خلاف دلاور حسین نے کولکتہ میں دو ففٹیاں اسکور کیں۔ 5 جنوری 1934 کو ٹیسٹ کرکٹ کی اپنی پہلی اننگز میں انہوں نے 59 رنز اسکور کیے اور دوسری اننگز میں 57 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ وہ ٹیسٹ ڈٰبیو پر دونوں اننگز میں ففٹی اسکور کرنے والے پہلے وکٹ کیپر تھے۔

1936 میں انہوں نے انڈر گریجویٹ کی حیثیت سے کیمبرج میں مہاراج کمار (وزین گرام) کی ٹیم کی معاونت کی۔ تب ٹیم کے دو ریگیولر وکٹ کیپر ڈی ڈی ہنڈلیکر اورکے آر مہرہومجی ان فٹ تھے۔ دلاور حسین نے 17 فرسٹ کلاس اننگز میں 44.28 کے اوسط سے 620 رنز اسکور کیے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں دلاور حسین نے 254 رنز اسکور کیے۔ 59 سب سے زیادہ انفرادی اسکور رہا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں دلاور حسین نے 4 سینچریوں اور 13 نصف سینچریوں کی مدد سے 2394 رنز اسکور کیے۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی سب سے بڑی اننگز 122 رنز کی تھی۔

دلاور حسین دفاعی انداز سے، محتاط ہوکر کھیلنے والوں میں سے تھے۔ وہ وکٹ پر ٹھہر کر خاصے تحمل سے اننگز بناتے تھے۔

قیامِ پاکستان کے بعد دلاور حسین لاہور کے ایم اے او کالج کے پرنسپل مقرر ہوئے۔ بعد میں انہوں نے سلیکٹر اور کرکٹ ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن پاکستان کے بانی ارکان میں سے تھے۔

دلاور حسین غیر معمولی اور نفیس حسِ مزاح رکھنے والے انسان تھے اور خطابت کا فن خوب جانتے تھے۔ دلاور حسین کے صاحبزادے وقار احمد 1967 میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن تھے۔ 26 اگست 1967 کو دلاور حسین کا انتقال ہوا تو وقار احمد کو ان کی تدفین میں شرکت کے لیے اوول ٹیسٹ چھوڑ کر وطن واپس آنا پڑا۔

یاد رہے کہ 18 فروری کو بھارت کے سرفراز خان نے راجکوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن ڈیبیو ٹیسٹ کی دوسری ففٹی اسکور کی۔ یہ کارنامہ سنیل گواسکر نے بھی پورٹ آف اسپین میں ویسٹ کے خلاف انجام دیا تھا جس میں انہوں نے پہلی اننگز میں 65 رنز اور دوسری اننگز میں 67 رنز اسکور کیے تھے۔

چاروں بیٹرز میں صرف شرییاس ایر سینچری بناسکے۔ شرییاس ایر نے نیوزی لینڈ کے خلاف کانپور میں پہلی اننگز میں 105 اور دوسری اننگز میں 65 رنز اسکور کیے تھے۔

Waqar Ahmed

DILAWAR HUSSAIN

FIFTIES ON TESt DEBUT