Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وادی کاغان سمیت بالائی علاقوں میں برفباری

بالائی پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا
اپ ڈیٹ 18 فروری 2024 11:01pm

مانسہرہ اور گرد و نواح میں بارش جب کہ وادی کاغان سمیت دیگر بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

شوگران، کاغان، ناران اور ملحقہ وادیوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔

بالاکوٹ میں بارش جب کہ بالائی پہاڑوں پر برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔

ناران ، کاغان میں درجہ حرارت دوبارہ منفی 3 جب کہ شوگران میں منفی 1 تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اس سے پہلے محکمہ موسمیات نے مری، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، پنجاب، شمالی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی تھی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اور اس کی سسٹر سٹی راولپنڈی میں کہیں رم جھم تو کہیں موسلا دھاربارش نے جاتی سردی کوروک لیا جبکہ بارش سے موسم میں خنکی بڑھ گئی۔

ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں خون جما دینے والی سردی کا ابھی تک راج ہے ، اسکردو میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

مری

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ مری میں اتوار اور پیر کو طوفانی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

مری اور گردونواح میں گہرے بادل چھاٸے ہوٸے ہیں، جس کے بعد سردی کی شدد میں اضافہ ہو گیا، ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد بھی ویک اینڈ منانے مری پہنچی ہوٸی ہے۔

مری کے تمام سیاحتی مقامات مال روڈ، کشمیر پواٸنٹ، پنڈی پواٸنث، بھوربن پتریاٹہ، نیو مری، نھتیاگلی اور ایوبیہ میں سیاحوں کا غیر معمولی رش ہے، ملک بھر سے آنے والے سیاح برفباری کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

وادیٔ نیلم کے سیاحتی مقامات پر شدید برف باری اور موسلا دھار بارش سے شاہراہِ نیلم اور رابطہ سڑکوں پر پھسلن سے ٹریفک متاثر ہو گئی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ مری میں انتظامیہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہے۔

یہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ مری میں اتوار کو برف باری کے امکانات 70 فیصد ہیں، 22 فروری تک موسم کی صورتِ حال غیر یقینی رہے گی۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا کے شہری علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہوگئی جس کے نتیجے میں طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا اور شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

بارش اور برفباری کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور جلانے کی لکڑی کی مانگ مزید بڑھ گئی جبکہ بارش کے باعث اکثر علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔

ترجمان اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے کہا ہے کہ مالم جبہ، کالام، گبین جبہ اور دیگر سیاحتی مقامات جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال ضرور کریں۔

ایبٹ آباد

ایبٹ آباد شہر میں ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا، بارش و برفباری کے باعث موسم انتہائی سرد ہوگیا۔

نتھیاگلی میں کیثر تعداد میں سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے کے لیے موجود ہیں، نتھیاگلی میں سیاحوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نبٹنے کے لیے ریسکیو اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں جبکہ سیاحوں کو سفری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی لینڈ سلائیڈنگ، شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے امکانات کے پیش نذر سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی۔

محکمہ شاہرات اور دیگر ریسکیو اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، سیاحوں اور علاقہ مکینوں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کر کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے 21 فروری تک بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راجہ عارف محمود نے بارش اور برفباری کے دوران کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے بروقت نبرد آزما ہونے کے لیے ریسکیو کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مقامی اور سیاح حضرات کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے ضلعی سطح پر قائم مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمنجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آج لوئر نیلم میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

شاہراہ نیلم چلہانہ سے کیل تک کھلی ہے تاہم لوات سے آگے روڈ صرف 4x4 گاڑیوں کے لیے موزوں ہے۔

محکمہ شاہرات کی مشینری مختلف مقامات پر کھڑی ہے۔ نیلم میں موجود سیاح خیریت سے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

azad kashmir

اسلام آباد

Met Office

Rain

Murree

snowfall

rainy weather

Rain prediction

Heavy Snowfall

snow fall

Snowfall Prediction