Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

سرفراز نے تو کمال کردیا، ڈیبیو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی ففٹی

سنیل گواسکر، دلاور حسین اور شرییاس ایۤر کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے بھارتی بیٹر بن گئے۔
اپ ڈیٹ 18 فروری 2024 02:06pm

بھارت کے بیٹر سرفراز خان نے راج کوٹ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن میچ میں دوسری ففٹی اسکور کرکے شائقین کو حیران کردیا۔

راج کوٹ کے نرنجن شاہ اسٹیڈیم میں سرفراز نے پہلی اننگز میں 62 رنز اسکور کیے تھے۔ سرفراز کی کارکردگی دیکھ کر مبصرین حیران رہ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سرفراز خان کے چرچے ہیں۔

سنیل گواسکر، دلاور حسین اور شرییاس ایۤر کے بعد سرفراز خان کریئر کے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں ففٹی اسکور کرنے والے چوتھے بھارتی بیٹر ہیں۔

سرفراز کا پورا گھرانہ اس کامیابی پر بے حد خوش ہے۔ سرفراز کے والد کرکٹر بننا چاہتے تھے مگر بوجوہ اپنے خوابوں کو تعبیر نہ دے پائے۔ ان کے بیٹے نے ان کی امنگیں پوری کی ہیں۔

یشسوی جایسوال کے ساتھ مل کر 100 رنز سے زیادہ کی پارٹنر شپ میں سرفراز نے انگلینڈ پر بھارت کی برتری 500 سے زائد رنز کی کردی۔

پہلی اننگز میں ففٹی اسکور کرنے کے بعد سرفراز خان نے کہا تھا کہ میں آج بہت خوش ہوں، اور اچھا محسوس کر رہا ہوں، کرکٹ گراؤنڈ پہلی مرتبہ آنا اور پھر والد کے سامنے کیپ ملنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ 26 سالہ سرفراز کا کہنا تھا کہ جب میں چھ سال کا تھا تب والد نے مجھے کرکٹ سکھانا شروع کیا تھا۔

سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ یہ میرا خواب تھا کہ اپنے والد کے سامنے بھارتی ٹیم کے لیے کھیلوں۔ والد کی زندگی میں ہی یہ مناظرانہیں دکھانا چاہتا تھا۔

سرفراز بتاتے ہیں کہ میرے والد کا سپنا تھا کہ وہ انڈین ٹیم کے لیے کھیلیں تاہم گھریلو مسائل کی بنا پر وہ اپنا خواب پورا نہ کر سکے۔

مسلمان گھرانے کے بچے نے جہاں سب کی توجہ حاصل کی وہیں سرفراز کے والدین کی آنکھوں میں بھی آنسو تھے، وہ اپنے بیٹے کو دیکھ کر فخر محسوس کر رہے تھے کہ اس نے ان کا سپنا پورا کر دکھایا تھا۔

سرفراز کی جرسی پر موجود نمبر 97 سے متعلق والد نے بتایا کہ آپ نے دیکھا ہوگا ان کی جرسی کے پیچھے جو نام ہے نا، نمبر ہے نا، وہ نو اور سات ہے۔

دراصل وہ میرا نام ہے۔ ہندی میں آپ اس کو نو اور سات پڑھ سکتے ہیں۔ تو ایسا لگتا ہے کہ بس وہی آگئے ہیں۔

سرفراز کے والد کا نام نوشاد ہے اور ہندی میں انہیں نوساد کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، یہی وجہ تھی کہ بیٹے نے ان دو پندسوں کا انتخاب کیا تاکہ والد کے نام کی جھلک بھی اس میں آئے۔

india

Indian Cricketer