’اب مزید صدمے برداشت نہیں کر سکتا‘
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک کی خراب صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے فیصلہ سازوں سے اپیل کر دی، ساتھ ہی سابق کپتان نے عام آدمی کے مسائل کو بھی اجاگر کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ عام آدمی ہر روز کی ایک نئی کہانی سے تنگ آ گیا ہے، اس کا مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔
شاہد آفریدی نے اپیل کی کہ فیصلہ سازوں سے ہاتھ جوڑ کر التماس ہے کہ آپس میں مل بیٹھ کر مُلک کو اس ہیجانی کیفیت سے نکالیں۔ سابق کپتان ملک کی موجودہ صورتحال پر اس حد تک پریشان تھے کہ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بہت تماشہ بن گیا ہے، اور اب یہ وطن مزید صدمے برداشت نہیں کر سکتا۔
شاہد آفریدی نے اپیل کی کہ خدارا اپنی آنے والی نسلوں اور ملک کیلیے سب ایک ہو جاؤ۔
واضح رےہے عام انتخابات کے بعد سے ملک میں مختلف سیاسی جماعتیں نتائج میں تاخیر اور دھاندلی کے الزامات پر سراپا احتجاج ہیں، دوسری جانب عالمی میڈیا کی جانب سے کی جانے والی کوریج بھی پاکستان کی موجودہ صورتحال کو مزید دنیا تک پہنچا رہی ہے۔
Comments are closed on this story.