Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے دو مختلف آپریشنز، 9 دہشتگرد ہلاک

آپریشن کے دوران ایک سپاہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، آئی ایس پی آر
شائع 17 فروری 2024 10:01pm
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ایک سپاہی شہید ہوگیا۔ ٹانک میں انٹیلی بیسڈ آپریشن میں 2 مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع ٹانک اور جنوبی وزیرستان میں علیحدہ علیحدہ انٹیلی جنس اطلاع کی بنیاد پر آپریشنز کیے۔

اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں دونوں مقامات پر 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ٹانک میں دو انتہائی مطلوب دہشت گرد رحمت اللہ عرف بدر منصور اور ٹی ایس امجد بابری ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں ایک اور آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیزم واد بھی برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ایک سپاہی شاہ زیب اسلم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے خلاف متعدد کارروائیوں کے ساتھ بھتہ خوری اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں فوج کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

pakistan army

security forces operation

Pakistan Law and order situation