Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Awwal 1446  

فلم ’دنگل‘ کی ’ببیتا‘ انتقال کر گئیں

سہانی کی موت غلط علاج کی وجہ سے ہوئی
شائع 17 فروری 2024 08:09pm

عامر خان کی معروف ترین فلموں میں سے ایک ”دنگل“ میں ”ببیتا پھوگٹ“ کے بچپن کا کردار نبھانے والی چائلڈ آرٹسٹ سُہانی بھٹناگر ہفتے کودہلی میں انتقال کر گئیں۔

رپورٹ کے مطابق سہانی کی موت غلط علاج کی وجہ سے ہوئی ہے۔

انہوں نے فلم ”دنگل“ میں چھوٹی ببیتا کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کے انتقال سے انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سہانی بھٹناگر کو کچھ عرصہ قبل ٹانگ میں چوٹ آئی تھی، جس کے بعد ان کے فریکچر کا علاج شروع کیا گیا۔

دوران علاج ان میں دوائیوں کے مضر اثرات نمایاں ہونے لگے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ کے جسم میں سیال بننا شروع ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی موت ہو گئی۔

سہانی کافی دنوں سے دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل تھیں۔ ان کی آخری رسومات ہفتہ کو فرید آباد میں ادا کی جائیں گی۔

سہانی بھٹناگر فلم ’دنگل‘ میں عامر خان، ساکشی تنور اور زائرہ وسیم کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

سہانی کو ان کی پرفارمنس پر داد بھی ملی تھی۔

”دنگل“ کے بعد سہانی بھٹناگر کو کئی ٹی وی اشتہارات میں بھی دیکھا گیا تھا۔

کچھ عرصے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑ کر پڑھائی پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔

سہانی بھٹناگر کی موت پر عامر خان پروڈکشن کی جانب سے ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔

پوسٹ میں انہوں نے سہانی کو اداکاری کے لیے ایک اسٹار قرار دیا ہے۔

پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اداکارہ کی موت سے پروڈکشن ہاؤس کو صدمہ پہنچا ہے۔ وہ ان کے لیے ایک اسٹار تھیں اور ہمیشہ رہیں گی۔

Geeta Babita

Dangal

Suhani Bhatnagar