Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خاتون افسر کو دھمکی، شہباز گل کیخلاف امریکہ سے رابطے کا فیصلہ

پنجاب پولیس اپنا باضابطہ احتجاج امریکی حکومت کے ساتھ درج کرائے گی
شائع 17 فروری 2024 05:40pm

امریکہ میں بیٹھے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی خاتون افسر کو دھمکی پر پولیس نے نوٹس لے لیا۔

شہباز گل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنی پوسٹ میں لکھا ’فتح مکہ کی سنت ﷺ پر بھی ان کا فیصلہ تو وہ بے گناہ عورتیں ہی کریں گی جن کو ناحق جیلوں میں رکھا گیا صرف اس لئے کہ محترمہ میں اخلاقی دلیری نہیں تھی کہ غیر قانونی کام سے انکار کر دیتیں۔ لیکن انہوں نے اچھی پوسٹنگ کے لئے کچھ عورتوں کے گھر اور زندگی تباہ کر دی۔ انشااللہ ان کا حساب ہوگا‘۔

شہاز گل کی اس پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے پنجاب پولیس نے جوابی پوسٹ میں لکھا کہ ’ پنجاب پولیس نے ڈاکٹر شہباز گل کی جانب سے سینئر پولیس اہلکار، یعنی ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری، ایس ایس پی (آئی این وی) لاہور کے خلاف لگائے گئے بے بنیاد اور غیر ضروری ہتک آمیز الزامات اور جسمانی نقصان کی دھمکی کا سخت نوٹس لیا ہے۔’

پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں لکھا گیا کہ’ڈاکٹر شہباز گل کا بیان، ایک قابل عزت پولیس اہلکار کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد کو اکسانے اور ایسے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے مذہبی حوالوں کا استحصال انتہائی قابل مذمت ہے۔’

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’پنجاب پولیس اپنا باضابطہ احتجاج امریکی سفارت خانے اور امریکی حکومت کے دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ درج کرائے گی اور ساتھ ہی پاکستان اور امریکہ میں ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف قانون کے مطابق مناسب (سول اور فوجداری) کارروائی شروع کرنے کی درخواست کرے گی‘۔

shahbaz gill

Punjab police