Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کا سندھ، پنجاب کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی برطرفیوں کا مطالبہ

کمشنر راولپنڈی کا بیان : پی ٹی آئی کا الیکشن کالعدم قراردینے کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 17 فروری 2024 11:22pm

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے اعترافی بیان کے بعد راولپنڈی ڈویژن میں الیکشن کالعدم قرار دینے کامطالبہ کردیا۔ صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان نے دھاندلی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے سندھ اور پنجاب کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی فوری برطرفیوں کا مطالبہ کیا ہے۔

کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کے بعد بیرسٹر گوہر نے ردعمل میں کہا کہ اگر کمشنر نے جیتنے والوں کو ہروادیا تو بتائیں جیتنے والا کون تھا؟ یہ بیان بہت سنگین نوعیت کا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے الیکشن کی طرف جائیں گے تو پورا پنڈورہ باکس کھولنا پڑے گا۔

انہوں نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی فوری انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ فارم 45 کے تحت ہم نشستیں جیت رہے تھے، لیکن بعد میں فارم 47 میں ہمارے امیدواروں کو ہرا دیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ جیتنے والے امیدوار کو ہروانا عوام سے زیادتی ہے۔

’چوری شدہ نشستیں واپس کی جائیں‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کمشنر راولپنڈی کے اعترافی بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سمیت ملوث تمام افسران فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی چوری شدہ نشستیں فوری واپس کی جائیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کمشنر کا دھاندلی کا اعترافی بیان پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید کرتا ہے، 70 ہزار ووٹوں کی برتری والے آزاد امیدواروں کو شکست میں تبدیل کیاگیا، کمشنر نےعوام کا مینڈیٹ چرانے کی سازش کے کردار بےنقاب کردیے ہیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ عوام نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کو بھاری اکثریت سے نوازا، اس کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو عہدے پر رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا، چوری شدہ 86 نشستیں واپس کی جائیں، اور تمام ملوث مجرمان کے خلاف کارروائی کرکے سزا دی جائے۔

پی ٹی آئی کا سندھ، پنجاب کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی برطرفیوں کا مطالبہ

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قائدین کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکے میں معاونت پر سندھ اور پنجاب کے چیف سیکرٹریز کو فوری برطرف کیا جائے۔

پی ٹی آئی نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی سندھ کو بھی فوری طور پر ان کے عہدوں سے برطرف کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ سندھ اور پنجاب کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز نے جمہوریت کو داغدار کرنے میں مجرمانہ کردار ادا کیا، ان چاروں افسروں کو فوری طور پر برطرف کرکے ان کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔

کمشنر راولپنڈی کے بیان نے دھاندلی کا بھانڈا پھوڑ دیا، پرویز الہٰی

راولپنڈی میں صدر پی ٹی آئی پرویز الہٰی سے ان کے وکیل سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ نے ملاقات کی، اس موقع پر سیکریٹری سپریم کورٹ بار سید علی عمران جعفری بھی موجود تھے۔

پرویز الہٰی نے وکلا سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب میں انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، ڈی سیز اور ریٹرننگ افیسرز کے ذریعے انتخابی نتائج بدلے گئے۔

انھوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کے بیان نے دھاندلی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، راولپنڈی ڈویژن ہی نہیں سارے پنجاب میں یہی کھیل کھیلا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ظلم زیادہ دیر تک چھپ نہیں سکتا جلد مزید حقائق منظر عام پر آئیں گے۔

”ساڈ احق ایتھے رکھ“

رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے لطیف کھوسہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی ٹاپ لیڈر شپ جیل میں ہے، بانی پی ٹی آئی، یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی اور دیگر جیل میں ہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے وہ بات کی جو پوری قوم کہہ رہی تھی، قوم نے بانی پی ٹی آئی کو ووٹ دیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ واپس کیا جائے، عوام نے مطالبہ کیا ہے ”ساڈ احق ایتھے رکھ“۔

ان کا کہنا تھا کہ کمشنر راولپنڈی نے کہہ دیا ہے دھاندلی کھل کر ہوئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کطیف کھوسہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی نے اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہا ہے، کمشنر صاحب کا بیان ہمارے مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ فارم 47 تبدیل کرکے جیتے ہوئے امیدواروں کو ہرایا گیا، اب واضح ہوگیا کہ مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھائی کو وزیراعظم اور بیٹی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا گیا، کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے، مینڈیٹ بھی چرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں سلمان اکرم راجا کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، ہمارےپرامن احتجاج کو روکنے کی کوشش کی گئی، عوام نے بانی پی ٹی آئی کو بھاری مینڈٰیٹ دیا ہے۔

rawalpindi

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

Rawalpindi Commissioner Exposé