Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

7 ماہ میں برآمدات میں کتنا اضافہ؟ ٹیکسٹائل سیکٹر کمزور پڑگیا

چاول اور سبزیوں سمیت فوڈ گروپ کی عمدہ کارکردگی، وفاقی ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کردیے
شائع 17 فروری 2024 11:28am

رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 2.99 فیصد کمی واقع ہوئی۔

جنوری 2024 میں بھی یہ ٹرینڈ برقرار رہا۔ ٹیکسٹائل برآمدات 2.792 ارب ڈالر رہیں۔ دسمبر 2023 میں ٹیکسٹائل برآمدات 2.822 ارب ڈالر تھیں۔

یہ اعداد و شمار وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ ہیں۔

جولائی 2023 سے جنوری 2024 کے دوران مجموعی برآمدات 17.778 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ برس اِسی مدت کے دوران 16.481 ارب ڈالر تھیں یعنی 7.87 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جنوری 2023 کے مقابلے میں جنوری 2024 میں مجموعی برآمدات میں 24.81 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2024 میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 3۔98 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ دسمبر کی 1.399 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.455 ارب ڈالر رہیں۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران سوتی دھاگے کی برآمد میں 49.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ برآمدات 67 کروڑ ڈالر کی سطح پر ہیں جبکہ گزشتہ برس اسی مدت کے دوران یہ برآمدات 45 کروڑ ڈالر کی سطح پر رہی تھیں۔

سالانہ بنیاد پر سوتی دھاگے کی برآمد میں 19.78 فیصد بڑھوتری ہوئی جس کے بعد یہ 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی سطح پر دکھائی دیں۔

یہ بھی پڑھیں :

پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے 12 فیصد کمی

پاکستانی آئی ٹی برآمدات میں اچانک اضافہ کیسے ہوا

پاکستانی فارما انڈسٹری کی برآمدات 5 بلین ڈالر تک پہنچانے کی ذمہ داری سرمایہ کاری کونسل کے سپرد

رواں مالی کے پہلے سات ماہ کے دوران چاول کی برآمدات 95.26 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے مساوی رہیں۔

رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران اشیائے خور و نوش کی برآمد میں 57.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں یہ 4 کروڑ 26 لاکھ ڈالر کی سطح پر رہیں۔

پاکستان کی بنیادی برآمدات چاول، ٹیکسٹائل، نٹ ویئر، ریڈی میڈ گارمنٹس، بیڈ ویئر، سوتی کپڑا، تولیے، سوتی دھاگا، سبزیاں اور پیٹرولیم مصنوعات ہیں۔

Exports

textile