Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

’علی ظفر کو آپ سے سیکھنا چاہیے‘

چاہت فتح علی خان نے پی ایس ایل کا نیا گانا ریلیز کر دیا
شائع 17 فروری 2024 09:02am

پاکستان سُپر لیگ کا بڑ ایونٹ ہو اور چاہت فتح علی خان کی آواز کا جادو نہ ہو، ایسا کیسے ممکن ہے، سوشل میڈیا کی معروف شخصیت چاہت فتح علی خان نے بھی پی ایس ایل کے لیے اپنا آفیشل گانا ریلیز کر دیا۔

ایکس اکاؤنٹ پر چاہت فتح علی خان نے گانے کی ویڈیو جاری کی، جس میں گلوکار کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی 2 خواتین بھی موجود ہیں، جو کہ سُر کی تال پر رقص میں مگن ہیں۔

پی ایس ایل 9 کے اس گانے کا نام ’ ہم تم ایک کمرے میں بند ہوں، پھر لاہور قلندرز کا میچ ہو’ ہے، 2 منٹ 19 سیکنڈز کا یہ گانا اس لیے بھی دلچسپ ہے کہ اس گانے میں لاہور قلندرز کی سپورٹ دکھائی گئی ہے۔

لیکن آگے چل کر چاہت فتح علی خان نے پشاور زلمی کے مداحوں کے دل بھی جیت لیے، کیونکہ اگلے بول میں گلوکار نے کچھ یوں بول سنائے، ہم تم ایک کمرے میں بند ہوں، پھر پشاور زلمی کا میچ ہو۔

اسی طرح ملتان سلطانز کے فینز کو بھی ناراض نہیں کیا اور ان کا نام بھی اپنے گانے میں لے ہی لیا، اس کے بعد چاہت فتح علی خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کا نام لے کر شہر اقتدار کی ٹیم کے فینز کو بھی مایوس نہیں کیا۔

اسی گانے میں آگے چل کر گلوکار نے پی ایس ایل کے میچ کے بول پر گانے کا اختتام کیا، لیکن اس سب میں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈیئٹرز کا نام موجود نہ ہونے پر مداح حیران بھی ہوئے اور معروف سوشل میڈیا شخصیت سے اپنے جذبات کا اظہار کچھ یوں کیا کہ الحمداللہ انہوں نے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈئیٹرز کا نام نہیں لیا۔

جبکہ ایک صارف نے علی ظفر کو ہی ٹیگ کر دیا اور باور کرانے کی کوشش کی کہ سر کچھ سیکھیے ان سے، گانا ایسے بنایا جاتا ہے، میں امید کرتا ہوں اگلی مرتبہ آپ آئمہ بیگ کی جگہ چاہت فتح خان کو موقع دیں گے۔

رافع نامی صارف نے لکھا آپ بہت اچھی ویڈیوز بناتے ہیں، بس انہیں اپلوڈ مت کیا کریں۔

واضح رہے پاکستان سُپر لیگ 9 کے میچز آج سے شروع ہو رہے ہیں۔

Chahat Fateh Ali Khan

psl 9