Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں مزید بارشوں کے لیے تیار رہیں

کے پی، بلوچستان سمیت ملک کے پہاڑی علاقوں پر برف باری کا امکان
اپ ڈیٹ 16 فروری 2024 06:31pm

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں 17 فروری سے 21 فروری کے درمیان تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور برفباری کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہنا تھا کہ طاقتور مغربی سسٹم 17 فروری کی رات ملک میں داخل ہوگا، جس کے تحت ملک کے بالائی حصوں میں 18 فروری تک بارشوں کا امکان ہے۔

برف باری کی پیش گوئی سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ درمیانی سے موسلادھار بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفر آباد، باغ، کوٹلی بھمبر، میر پور میں چند ایک مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخواہ کے علاقوں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، پشاور، چارسدہ، نوشہر، صوابی سمیت دیگر علاقوں میں بھی درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب میں بھی تیز بارش کے ساتھ چند ایک مقامات پر برف باری کا بھی امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں 18 سے 20 فروری تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کسانوں اور سیاحوں کو خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Rain prediction

Weather Updates