Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’پی پی کیلئے دوٹوک موقف‘ عمران خان سے ملاقات کرنے والے بیرسٹر سیف نے کیا بتایا؟

عمران خان اپنی ٹرین مس کرچکے ہیں، جب بات کرنے کا وقت تھا اس وقت انکار کردیا، پیپلز پارٹی
شائع 15 فروری 2024 03:25pm

عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے والے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے پیپلز پارٹی سے بات چیت کے لیے عمران خان کی آمادگی کی خبروں کی تردید کردی۔

سابق اسپیکر قومی اسبملی اسد قیصر اور بیرسٹر محمد علی سیف نے آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے پارٹی کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے عمر ایوب کے نامزد کیے جانے کا بتایا۔

ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں دونوں رہنماؤں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والی تمام جماعتوں سے بات کا ٹاسک دیا ہے۔

اس ملاقات کے بعد بیرسٹر محمد علی سیف نے بانی چیئرمین پی ٹی ٹی کی پیپلزپارٹی کے ساتھ بات پرآمادگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ پیپلز پارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی۔

آج نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں بیرسٹر محمد علی سیف نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوسکتی۔

بیرسٹرسیف نے واضح کیا کہ بانی چیئرمین نے 3 جماعتوں پیپلزپارٹی ، ن لیگ اورایم کیو ایم کے ساتھ بات چیت نہ کرنے کا کہا ہے اور وہ اس حوالے سے دوٹوک موقف رکھتے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی ، اے این پی سمیت کچھ جماعتوں سے بات چیت کی ہدایت کی ہے۔

پیپلز پارٹی کا عمران خان سے بات کرنے سے انکار

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان سے بات کرنے سے انکار کر دیا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیپلز پارٹی سے بات کرنے کا اعلان کیا گیا تاہم اب پیپلز پارٹی نے سابق چیئرمین پی ٹی سے بات کرنے سے انکار کردیا۔

عمران خان اپنی ٹرین مس کرچکے ہیں، جب بات کرنے کا وقت تھا اس وقت انکار کردیا، پیپلزپارٹی اپنی سی ایس سی میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا فیصلہ کرچکی ہے، پیپلز پارٹی کا سب سے بڑا فورم سی ای سی ہے، اب فیصلہ تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان