Aaj News

بدھ, نومبر 13, 2024  
10 Jumada Al-Awwal 1446  

علی امین گنڈا پور کو کالعدم ٹی ٹی پی کی مبارکباد، حقیقت کیا ہے؟

عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد کیا ہے
شائع 15 فروری 2024 02:36pm

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ نامزد ہونے پر مبارکباد دینے کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا ۔

13 فروری 2024 کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تحریک طالبان پاکستان کے رہنما علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے تحریک طالبان پاکستان کے مبینہ خط کی تصویر شیئر کی تھی۔

اسی تصویر کو پیپلز پارٹی کے ایک علاقائی عہدیدار نے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹی ٹی پی کا علی امین گنڈاپور کو طالبان کے سیاسی ونگ کی جانب سے وزیراعلیٰ کے پی کے نامزد کیے جانے پر مبارکباد دینے کے لیے خط اس امید کے ساتھ کہ انہیں اپنی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے کے پی کے حکومت کی جانب سے ریلیف اور مدد ملے گی۔‘

اس خط کی تحقیقات کے لیے آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے سینئر صحافی طاہرخان سے رابطہ کیا جنہوں نے تصدیق کے لیے کالعدم ٹی ٹی پی سے رابطہ کیا۔

ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی نے خط کی صداقت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جعلی ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی پر نظر رکھنے والے سویڈن سے تعلق رکھنے والے محقق عبدالسید نے خط کے بارے میں کہا کہ یہ “کم از کم دو وجوہات کی بنا پر واضح طور پر جعلی تھا: ٹی ٹی پی کے اعلانات عام طور پر اس کے سرکاری سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے تقسیم کیے جاتے ہیں، لیکن وہاں ایسا کوئی بیان نہیں ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بیان کی تحریر اور ساخت ٹی ٹی پی کے باضابطہ اعلانات سے میل نہیں کھاتی۔

Taliban

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

TEHREKE TALIBAN PAKISTAN