Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’انا،ضد اور بدلے کے بُت توڑ دیں‘، خواجہ سعد رفیق بھی بول پڑے

ن لیگ کے سابق وفاقی وزیر کی ذومعنی پوسٹ وائرل
شائع 15 فروری 2024 01:52pm

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے سیاسی جماعتوں سے انا ضد اور بدلے کے بُت توڑنے کی اپیل کر دی، اظہار خیال کرتے ہوئے قومی حکومت کے قیام پر غور کرنے کی اپیل کر دی۔

ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ یہ میری ذاتی رائے ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت کسی بھی جماعت کے پاس نہیں ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ باہمی نفرت اس وقت عروج پر پہنچ چکی ہے، جبکہ مشورہ دیتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شدید معاشی بحران سے نکلنے، تقسیم در تقسیم کا عمل روکنے، سیاسی تناؤ اور باہمی تلخیاں کم کرنے کے لیے انا ضد اور بدلے کے بُت توڑ دیے جائیں۔

ساتھ ہی پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ ایک خاص مدت کے لیے قومی اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل پر ٹھنڈے دل سے غور کیا جائے۔

واضح رہے رواں سال ہونے والے الیکشن میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق لاہور کے حلقے این اے 122 سے کھڑے ہوئے تھے، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار لطیف کھوسہ سے شکست کھا گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق لطیف کھوسہ 1 لاکھ 17 ہزار سے زائد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ خواجہ سعد رفیق 77 ہزار ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

Khawaja Saad Rafique

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024