Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کینسر کی ویکسین بہت جلد مارکیٹ میں ہوگی، روسی صدر کا دعویٰ

دنیا بھر کے دواساز اداروں کے درمیان کینسر کی موثر ویکسین تیار کرنے کی دوڑ جاری
شائع 15 فروری 2024 09:31am

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی ماہرین کینسر کی روک تھام کی ویکسین تیار کرنے کے بہت نزدیک پہنچ چکے ہیں۔

ماسکو میں مستقبل کی ٹیکنالوجیز سے متعلق فورم سے خطاب کرتے ہوئے روسی صدر نے کہا کہ کینسر کی ویکسین بہت جلد مریضوں کے لیے دستیاب ہوگی۔

قومی سطح پر ٹیلی کاسٹ کیے جانے والے خطاب میں صدر پوٹن نے کہا کہ نئی جنریشن کی امیونو ماڈیولیٹری دوائیں بہت جلد مارکیٹ میں لائی جارہی ہیں۔

روسی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ جو ویکسین اور دوائیں مارکیٹ میں لائی جانے والی ہیں وہ کس ٹائپ کے کینسر کا علاج یا روک تھام کرسکیں گی۔

یاد رہے کہ کینسر کے لیے موثر ویکسین اور دوائیں تیار کرنے کی دوڑ میں کئی ممالک شریک ہیں۔ گزشتہ برس برطانوی حکومت نے جرمنی میں قائم بایو این ٹیک کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت 2030 تک 10 ہزار سے زائد مریضوں کو کینسر کے تدارک کے لیے موثر دوائیں دستیاب ہوں گی۔

دواساز ادارے ماڈرنا اور مرک کینسر کی ویکسین پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔ ان دونوں اداروں کا دعویٰ ہے کہ جلد کے سب سے جان لیوا کینسر میلانوما کی ایسی دوائیں تیار کی جارہی ہیں جن کے استعمال سے مرض کے اثرات کو نصف کی حد تک گھٹایا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں :

کینسر کی تشخیص اب ابتدائی اسٹیج میں گھرپر ہی ممکن ہوگی

زیتون کے تیل سے کینسر کے علاج

عالمی ادارہ صحت نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ اس وقت مختلف کینسرز کی 6 لائسنس یافتہ ویکسین دستیاب ہیں۔ علاوہ ازیں ہیپاٹائٹس بی کی ویکسین بھی دستیاب ہے۔ ہیپاٹائٹس کی یہ قسم کینسر کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

Russian President

CANCER VACCINES

CERVICAL CANCER

HEPATITIS B