Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خواتین کیلئے چہرہ ’شیو‘ کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟

چہرہ شیو کرنے کے فوائد جان کر خواتین دنگ رہ جائیں گی
شائع 14 فروری 2024 10:40pm

اکثر خواتین کو چہرے کے ناپسندیدہ بالوں سے چھٹکارہ پانے کیلئے پارلر والی آنٹی کا سہارا لینا پڑتا ہے جو ویکسنگ یا تھریڈںگ جیسے تکلیف دہ عمل کا استعمال کرتی ہیں، لیکن اب اس کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ آپ گھر بیٹھے ہی اپنے چہرے کے غیرضروری بالوں کو ”شیو“ کر سکتی ہیں، جی ہاں، بالکل مردوں کی طرح، لیکن گھبرانے کی بالکل ضرورت نہیں، کیونکہ اس سے آپ کی داڑھی نہیں نکلے گی۔

آپ نے سوشل میڈیا فیڈ پر اسکرول کرتے ہوئے بیوٹی سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے چہرے شیو کرتے دیکھا ہوگا اور سوچا ہوگا کیا میں بھی اپنا چہرہ شیو کر سکتی ہوں؟ کہیں اس سے مزید گھنے اور موٹے بال تو نہیں نکل آئیں گے؟

اس حوالے سے ڈیجیٹل کرئیٹر ہیتیکا سچدیو کا کہنا ہے کہ چہرہ شیو کرنے سے آپ کے بال گھنے نہیں ہوتے یا یا تیزی سے نہیں بڑھتے۔

انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’یہ صرف سطحی بالوں کو کاٹنے کا معاملہ ہے، لہذا اگلے دن پوری داڑھی کے ساتھ جاگنے کے بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میرا شیونگ کا تجربہ ہر طرح سے ہموار رہا ہے۔ یہ تیز ہے، آسان ہے، اور میری جلد ناقابل یقین حد تک ہموار محسوس ہوتی ہے‘۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک ماہر امراض جلد ڈاکٹر گیتیکا سنودیا بیانی بھی بتاتی ہیں کہ شیونگ کے بعد گھنے بال نہیں آتے، اور یہ ایک غلط فہمی ہے۔

وہ مزید کہتی ہیں کہ دوبارہ نکلنے کے دوران، بال موٹے یا گہرے دکھائی دے سکتے ہیں، لیکن یہ شیو کے بعد چھوٹے کند کنارے کی وجہ سے ہے نہ کہ بالوں میں تبدیلی کی وجہ سے۔

انہوں نے کہا کہ شیونگ سے بالوں کی ساخت یا نشوونما میں کوئی تبدیلی نہیں آتی اور صحیح طریقے سے بال ہٹانے کا ایک محفوظ اور مؤثر طریقہ موجود بھی ہے۔

دہلی میں مقیم ماہر امراض جلد ڈاکٹر رنکی کپور کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ شیونگ مردوں کے لیے ایک طویل عرصے سے رواج رہا ہے، لیکن اب خواتین میں چہرے کی شیونگ ہموار جلد حاصل کرنے اور جلد کے کچھ مسائل کو دور کرنے کے ایک طریقہ کے طور پر مقبول ہوئی ہے۔‘

ڈاکٹر بیانی کا مزید کہنا ہے کہ خواتین اپنے چہرے سے بال ہٹانے کے لیے مختلف ٹولز استعمال کر سکتی ہیں۔ خاص طور پر چہرے کے بالوں کو تراشنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا استرا استعمال کرنے کے علاوہ، الیکٹرک شیورز بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ کچھ خواتین ابرو ریزر کا بھی انتخاب کرتی ہیں، جو زیادہ کمپیکٹ اور استعمال میں آسان ہیں۔

وہ کہتی ہیں، ’آپ جس بھی ٹول کو استعمال کریں، یہ یقینی ضرور بنائیں کہ وہ صاف اور اچھی حالت میں ہو تاکہ جلن یا انفیکشن کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔‘

ڈیجیٹل کنٹینٹ کرئیٹر بیانکا اروڑہ کا کہنا ہے کہ ’یہ ایکسفولیئشن کا ایک شاندار طریقہ ہے، جس سے میری جلد سلکی اور ہموار ہو جاتی ہے۔ اور میرے میک اپ کو بے عیب رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ صبح وقت بچانے والا کام ہے۔ لیکن دوسری طرف، اگر آپ محتاط نہیں ہیں تو جلن یا ریزر کے کٹ کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے۔‘

شیو کرنے کا صحیح طریقہ

سب سے پہلے کسی بھی میک اپ، تیل یا دھول مٹی کو ہٹانے کے لیے نرم کلینزر سے شروع کریں، پھر بالوں کو نرم کرنے اور جلد کو تیار کرنے کے لیے شیونگ کریم یا جیل کی ایک تہہ لگائیں، اس کے بعد ریزر کو 45 ڈگری کے زاویے پر پکڑیں اور بالوں کی نشوونما کی سمت شیو کریں۔ مختصر، کنٹرول شدہ اسٹروک کا ستعمال کریں۔

ریزر کو بار بار دھوتے رہیں اور کٹ لگنے سے بچنے کیلئے جلد کو سخت رکھیں۔

اس کے بعد آخر میں جلد کو نرم کرنے کے لیے ہائیڈریٹنگ موئسچرائزر کا استعمال کریں۔

کسی بھی ممکنہ بیکٹیریل انفیکشن سے بچنے کے لیے شیونگ کے بعد اپنے چہرے کو صاف تولیہ سے تھپتھپا کر خشک کرنا بھی ضروری ہے۔

فوائد کیا ہیں؟

یہ بالوں کو ہٹانے کا ایک آسان اور مؤثر طریقہ ہے۔ اس سے آپ کی جلد ہموار ہو جائے گی اور ایسفولیئشن میں بھی مدد ملے گی۔

لیکن یاد رکھیں…

مہاسوں یا جلن والی جلد پر شیونگ سے گریز کریں۔ انفیکشن سے بچنے کے لیے صاف اور تیز ریزر استعمال کریں۔ جلد کی ہائیڈریشن کو برقرار رکھنے کے لیے شیونگ کے بعد نم کریں۔ ہمیشہ بالوں کی نشونما کی سمت شیو کریں۔

شیونگ سے پہلے اپنی جلد کی قسم اور جلد کی موجودہ حالتوں پر غور کریں۔ ضرورت کے مطابق شیو کریں، لیکن جلد کی جلن کو روکنے کے لیے ضرورت سے زیادہ شیونگ سے گریز کریں۔

شیونگ والی جگہوں پر سن اسکرین کا استعمال کریں، خاص طور پر اگر سورج کی روشنی کا سامنا ہو۔

کیا شیونگ دیگر متبادل سے بہتر ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسنگ، تھریڈنگ اور ڈیپلیٹری کریم کا استعمال مونڈنے کے کچھ عام متبادل ہیں۔

ویکسنگ جلد پر موم کی ایک تہہ پھیلا کر کام کرتی ہے جسے پھر اتار دیا جاتا ہے، اس طرح بالوں کو جڑوں سے ہٹا دیا جاتا ہے۔

ڈیپلیٹری کریم میں پائے جانے والے کیمیکل جلد کی سطح پر موجود بالوں کو تحلیل کرکے کام کرتے ہیں۔

جبکہ شیونگ تیز، بے درد، اور کم لاگت کی وجہ سے موثر ہے۔ ویکسنگ اور تھریڈنگ دیرپا نتائج پیش کرتے ہیں لیکن زیادہ تکلیف دہ ہو سکتے ہیں۔ بالوں کو ہٹانے والی کریمیں بے درد ہیں لیکن ان میں سخت کیمیکل ہو سکتے ہیں۔

شیو کرنے سے پہلے ذہن میں رکھنے کی چیزیں

سچدیو کا مشورہ ہے کہ شیونگ کریم یا جیل کے بجائے، آپ شیو کرنا شروع کرنے سے پہلے ایلو ویرا جیل کا استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ آرام دہ ہے اور ریزر کو آپ کی جلد پر آسانی سے سرکنے میں مدد کرتا ہے۔

شیونگ کے بعد، اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے چہرے کو ہلکے کلینزر سے دھوئیں تاکہ باقی بچ جانے والی باقیات کو دور کیا جا سکے۔

ایک ہیک کا اشتراک کرتے ہوئے سچدیو نے بتایا کہ ’کسی بھی ممکنہ جلن کو پرسکون کرنے اور لالی کو کم کرنے کے لیے آئس رولر کا استعمال کریں۔‘

اوہ، اور ایک اور چیز۔۔۔ شیو کرنے کے فوراً بعد چہرے پر سیرم لگانے سے گریز کریں کیونکہ یہ جلن پیدا کرسکتا ہے۔

بہترین نتائج کے لیے تقریباً تین استعمال کے بعد اپنے ریزر بلیڈ کو تبدیل کریں۔

Beauty Hacks

Unwanted Hairs

Unwanted facial hairs

Women Shaving