Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بالی ووڈ کی ایک اور مشہور ہستی نے خودکشی کرلی

اداکارہ کے المناک انجام نے سبھی کو چونکا دیا
شائع 14 فروری 2024 05:28pm

بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ اور اداکارہ ملیکا راجپوت نے مبینہ طور پر خود کو پھندا لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ ان کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔

ملیکا راجپوت، کنگنا رناوت جیسی ٹاپ اداکارہ کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔ ان کے لاکھوں مداح حیران اور مایوس ہیں، جبکہ اداکارہ کے قریبی افراد کا رو رو کر برا حال ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ملیکا کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور تمام زاویوں سے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ملیکا راجپوت نے کنگنا رناوت کی فلم ”ریوالور رانی“ میں معاون کردار ادا کیا تھا۔ وہ گلوکار شان کے میوزک البم میں بھی نظر آئی تھیں، جس کی وجہ سے وہ کافی مقبول ہوئی تھیں۔

انہوں نے البم ”یار تجھ سے“ میں اپنے کام سے لوگوں اور فلمی شخصیات کی توجہ حاصل کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے بعد میں کئی سیریز، شوز اور البمز میں کام کیا، اور لوگ ان کی صلاحیتوں سے کافی متاثر تھے۔

ملیکا راجپوت کا سیاست میں بھی عمل دخل تھا۔ وہ بی جے پی پارٹی کا حصہ تھیں، حالانکہ انہوں نے پارٹی پر عصمت دری کرنے والوں کی حمایت کا الزام لگا کر خود کو اس سے الگ کر لیا تھا۔

جب سنیما کے بعد سیاست میں ان کا کریئر آگے نہیں بڑھا تو ان کے قدم روحانیت کی طرف بڑھ گئے۔

ملیکا راجپوت کے المناک انجام نے سبھی کو چونکا دیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ کا اپنے اہل خانہ سے کسی وجہ سے جھگڑا تھا جو کہ پولیس کی مداخلت کے بعد حل ہو گیا تھا، اسی لیے اداکارہ کی اچانک موت نے لوگوں کے ذہنوں میں کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔

Suicide

Kangana Ranaut

Mallika Rajput

Bollywood Actress Suicide

Revolver rani