Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

انتخابی نتائج پر ایک جماعت کو زیادہ تحفظات ہیں مگر کے پی میں ڈھول بجا رہی ہے، اعظم نذیر تارڑ

اس جماعت کا شیوہ ہے جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے، رہنما ن لیگ
شائع 11 فروری 2024 05:06pm
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب
فوٹو ۔۔ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے ایک جماعت کو زیادہ تحفظات ہیں مگر کے پی میں ڈھول بجا رہی ہے، اس جماعت کا شیوہ ہے جھوٹ اتنا پھیلاؤ کہ سچ لگنے لگے۔

لاہور میں ن لیگی قیادت کی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آج کی میٹنگ میں اکثریتی لیڈر شپ موجود تھی، نوازشریف مشاورت کے قائل ہیں، آج بھی مشاورت کا طویل سیشن ہوا ہے، ایم کیوایم کا خیرسگالی کا دورہ اور ملاقات تھی، پنجاب میں اس وقت سادہ اکثریت کے ساتھ بیٹھے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ساری قوم نے دیکھا 8 فروری کو الیکشن کیسے ہوئے، شور مچایا جارہا ہے، عدالتوں میں جانے کا کہا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحفظات تو ہمیں بھی ہیں لیکن ہم نے مینڈیٹ کو تسلیم کیا ہے، جس کو جہاں سے مینڈیٹ ملا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں، شور مچانے والے کےپی کے نتائج پر تو خاموش ہیں۔

لیگی رہنماء نے کہا کہ پنجاب میں ن لیگ واحد اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے، ہم نے 6 سے 7 حلقے اپنے اتحادیوں کیلئے چھوڑے تھے، قومی اسمبلی میں اس وقت کے نتائج قوم کے سامنے ہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ جو بھی اتحادی جماعتیں ہوں گی ان سے مشاورت کے بعد مرکز کا فیصلہ ہوگا، کسی سنگل پارٹی کے پاس حکومت بنانے کا مینڈیٹ نہیں، ایک شراکتی اور اتحادی حکومت قائم ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کیلئے ہمارا نمبر اس وقت 155 کا ہے، پنجاب میں وزیراعلیٰ کی نامزدگی پارٹی قائد نوازشریف کریں گے، مخصوں نشستوں کے نتائج کے اعلان کے بعد یہ نمبر بہت آگے چلا جائے گا۔

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results