Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آزاد امیدواروں کے ایم کیو ایم سے رابطے، ن لیگی قیادت سے حکومت سازی پر بات نہیں ہوئی، خالد مقبول

انتخابات نے ملک کیلئے خاصی چیلنجنگ صورتِ حال پیدا کردی ہے، ملاقات کے بعد بیان
اپ ڈیٹ 11 فروری 2024 11:48pm

ایک طرف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملاقات میں حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت کی تردید کردی ہے تو دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ سے کامیاب آزاد امیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے ایم کیو ایم میں شمولیت کیلئے رابطہ کمیٹی سے رابطہ کیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادے ساتھ ہوئی ملاقات کے بعد بتایا کہ لیگی قیادت سے ملاقات خاصی بار آور ثابت ہوئی ہے تاہم اس میں حکومت سازی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

رائے ونڈ میں مسلم لیگ کے قائد محمد نواز شریف اور پارٹی کے صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس وقت ملک کی بات کرنا زیادہ اہم ہے۔ ریاست اور جمہوریت کو بچانے کی ضرورت ہے اور اِسی کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے حکومت سازی پر کوئی بات نہیں کی۔ گِلے شِکوے کرنے کی اطلاع بھی درست نہیں۔ ملک کے حوالے سے خطرات اور اندیشے ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اتوار کی صبح کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں رائے ونڈ میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات کے حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ حکومت سازی کے حوالے سے ابتدائی نوعیت کی گفتگو ہوئی ہے۔ عام انتخابات کے بعد کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے دوران دونوں جماعتوں کی قیادت نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا تھا۔

آزاد امیدواروں کے ایم کیو ایم سے رابطے

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں مضبوط سیاسی اتحاد بنانے کی تیاری شروع کردی گئی ہیں اور اس کیلئے نومنتخب آزاد ارکان سندھ اسمبلی کی ایم کیو ایم سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

ذرائع کےمطابق عام انتخابات میں سندھ سے کامیاب 10 سے زائد آزاد ارکان نے ایم کیو ایم سے رابطہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کو مشاورات کے بعد فیصلے سے آگاہ کرے گی۔

ایم کیوایم کی جانب سے بھی نومنتخب آزاد ارکان سے رابطے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

election 2024 results

Karachi Election Results

Pakistan Elections 2024

MQM PMLN Meeting

Independent Candidates joining MQM