انتخابات میں کامیاب 5 آزاد امیدوار ن لیگ میں شامل، 7 کا پیپلز پارٹی سے رابطہ
قومی اسمبلی کی نشستوں پرکامیاب 5 آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے، جبکہ سات آزاد امیدواروں نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی سے رابطہ کرنے والوں میں جنوبی پنجاب سے پانچ، وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ایک ایک آزاد امیدوار شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق نومنتخب آزاد امیدواروں کی آصف علی زرداری سے ملاقات متوقع ہے، جس میں ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد امیداروں کوپیپلزپارٹی میں شامل کرانے کیلئے مخدوم احمد محمود اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر رہنما متحرک ہیں۔
پی پی کا ابھی تک ن لیگ یا پی ٹی آئی سے باضابطہ رابطہ نہیں ہوا، بلاول
دوسری جانب پی ایس تھری جیکب آباد سے کامیاب آزاد امیدوار ممتاز جکھرانی بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔
میر ممتاز جکھرانی کا کہنا ہے کہ میں پیپلزپارٹی خاندان کا حصہ تھا ہوں اور رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی کامیابی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کے نام کرتا ہوں۔
ممتاز جاکھرانی نے کہا کہ میری ناراضی وقتی تھی، میں پارٹی کے خادم کی طرح کام کرتا رہوں گا، میرا ووٹ پیپلز پارٹی کے حصے میں شامل کیا جائے۔
مسلم لیگ (ن) میں شامل آزاد امیدوار
مسلم لیگ ن نے قومی اسمبلی کے لئے مختلف چینلز سے 34 آزاد امیدواروں سے رابطہ کیا ہے، جبکہ پنجاب اسمبلی کے لئے مختلف ذرائع سے 35 آزاد امیدواروں سے رابطہ کیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اور حلقہ این اے 54 سے کامیاب آزاد امیدوار بیرسٹر عقیل ملک ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔
ان کے علاوہ حلقہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز نے مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔
این اے 253 ڈیرہ بگٹی سے آزاد امیدوار میاں خان بگٹی نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شمولیت اختیار کرلی۔
این اے 189 سے سردارشمشیر مزاری نے ویڈیو بیان میں مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
لاہور کے حلقہ این اے 121 سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکرٹری وسیم قادر بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
اس موقع پر وسیم قادر نے کہا کہ حلقہ کے عوام اور دوستوں کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہا ہوں۔
Comments are closed on this story.