Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کے بعد پہلے دن اسٹاک مارکیٹ میں 860 پوائنٹس کی کمی

معلق پارلیمنٹ اور حکومت سازی میں ممکنہ مشکلات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد پر ابھی سے اثر انداز ہونا شروع کردیا
اپ ڈیٹ 09 فروری 2024 03:28pm

عام انتخابات سے قبل اور پولنگ ڈے پر ملک بھر میں پائی جانے والی شدید بے یقینی معاشی اور مالیاتی معاملات پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔

الیکشن کے بعد پہلے دن جب پاکستان اسٹاک مارکیٹ کھلی تو سرمایہ کاروں میں اعتماد کی شدید کمی دکھائی دی۔ پہلے سیشن میں شدید منفی رجحان دکھائی دیا۔

کاروبار کے آغاز پر 2300 پوائنٹس سے زیادہ کمی واقع ہوئی۔ پھر سرمایہ کاروں نے تھوڑے سے اعتماد کا مظاہرہ کیا۔

پہلے سیشن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1112 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

دوسرے سیشن میں بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید منفی رجحان ہی چھایا رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر 860 پوائنٹس کی کمی سے 63 ہزار 280 پوائنٹس تک آگیا۔

یاد رہے کہ جمعرات کو کے ایس ای 100 انڈیکس 64143.87 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز نے ایک بیان میں کہا کہ عام انتخابات کے ابتدائی نتائج رائے عامہ کے جائزوں اور سیاسی تجزیہ کاروں کی آرا سے کچھ مختلف رہے ہیں۔

جمعرات کو کروڑوں پاکستانیوں نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ابتدائی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی بیشتر نشستوں پر آزاد امیدوار آگے ہیں جن کے بعد نمایاں ترین امیدوار مسلم لیگ ن کے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی تیسرے نمبر پر ہے۔ اس بات کا واضح امکان ہے کہ جمعرات کے انتخابات کے نتیجے میں معلق پارلیمنٹ معرضِ وجود میں آئے گی۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے بیان کے مطابق یہ بات اب واضح ہوچکی ہے کہ کوئی بھی پارٹی اس پوزیشن میں نہیں ہوگی کہ تنِ تنہا حکومت بناسکے۔ اُسے چھوٹی سیاسی جماعتوں یا آزاد امیدواروں سے مدد بھی ضرورت پڑے گی۔

pakistan stocks

DEARTH OF CONFIDENCE

1000 POINTS LOST