Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’آمنے سامنے بات کریں‘ عامر خان کی سابقہ اہلیہ کا فلم اینیمل کے ڈائریکٹر کو مشورہ

سندیپ ریڈی نے تنقید پر کرن کو عامرخان کی فلم 'دل' پر تبصرہ کرنے کو کہا تھا
شائع 06 فروری 2024 10:43am

بالی ووڈ ڈائریکٹر اور ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامرخان کی سابقہ اہلیہ کرن راؤ نے اداکار کی حمایت میں آواز اٹھاتے ہوئے فلم ’اینیمل‘ کے ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا کو جواب دیا ہے۔

فلم ’اینیمل‘ پر عامرخان کی تنقید اور کرن کے ایک بیان سے متعلق سندیپ ریڈی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے سابق شوہر اور اداکار عامر خان کی 90 کی دہائی کی فلموں میں خواتین سے نفرت کو اجاگر نہیں کیا۔ میری ہدایت کاری میں بننے والی فلموں پر تنقید کرنے سے پہلے کرن کو ارد گرد کا جائزہ لینا چاہیے۔

اس سے پہلے کرن نے سندیپ کی 2019 کی رومانٹک فلم ’کبیر سنگھ‘ اور ایس ایس راجمولی کی 2015 کی ایکشن فلم ’باہوبلی: دی بگننگ‘ جیسی فلموں کا ذکر کیا تھا۔سندیپ نے اس کے جواب میں ان سے ’دل‘ جیسی فلموں میں عامر کے ماضی کے کام پر تبصرہ کرنے کو کہا تھا۔

ردعمل دیتے ہوئے ’دی کوئنٹ‘ کو انٹرویو دینے والی کرن راؤ نے دلیل دی کہ عامر خان ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے اپنے ماضی کے کام میں صنفی تعصب پر خواتین سے معافی مانگی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اُ کے ٹی وی شو ’ستیہ میو جیتے‘ کی ایک قسط میں انہوں نے اندرا کمار کی 1990 کی رومانٹک فلم ’دل‘ میں عامر اور مادھوری ڈکشٹ پر فلمائے گئے گانے ’کھمبے جیسی کھڑی ہے‘ کے لیےمعافی مانگی تھی جو کہ واقعی قابل ستائش ہے۔

عامر خان کی سابقہ اہلیہ کا ماننا ہے کہ سندیپ اور عامر دونوں کو ایک دوسرے سے بات کرنی چاہیئے۔

کرن راؤ کے مطابق، ’ اگر مسٹر وانگا کے پاس عامر کو بتانے کے لیے کچھ ہے،تو انہیں آمنے سامنے بتانا چاہئیے۔ میں عامر خان یا اُن کے کام کا ذمہ دار نہیں ہوں۔ میری خواہش ہے کہ مسٹر ریڈی اپنے سوالات براہ راست مسٹر خان سے پوچھیں۔’

انٹرویو میں کرن نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی سندیپ ریڈی وانگا کی فلموں کا براہ راست ذکر نہیں کیا کہ انہوں نے بالی ووڈ میں خواتین سے نفرت دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ خواتین سے صنفی تعصب پر آواز اٹھائی ہے اور ایسا کرتی رہوں گی۔

پیر کے روز اینیمل کے آفیشل ایکس ہینڈل نے کرن کے اس تبصرے کے جواب میں لکھا، ’ مس کرن، نہ تو ہم نہ ہمارے ڈائریکٹر کوئی مفروضہ قائم کررہے ہیں، یہ ایک بہت بڑے میڈیا چینل کی رپورٹنگ ہے۔

عامر خان اور کرن کے درمیان شادی کے 16 سال بعد 2021 میں طلاق ہو گئی تھی۔ ان دونوں کا ایک بیٹا آزاد ہے۔ عامر خان کرن کی آنے والی فلم ’لاپتا لیڈیز‘ کے شریک پروڈیوسر ہیں، کرن نے حال ہی میں عامر کی پہلی اہلیہ سے ان کی بیٹی رینا دتی کی شادی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔

Bollywood

Aamir Khan

animal

KIRAN RAO

Sandeep Reddy Vanga

Dil