Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل، کامن ویلتھ آبزرور گروپ کا الیکشن کمیشن کا دورہ

ڈاکٹرگُڈلک ابیل کی قیادت میں وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی
شائع 05 فروری 2024 08:25pm
فوٹو ۔۔ فائل
فوٹو ۔۔ فائل

الیکشن کمیشن نےبیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا۔ دوسری طرف کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے تقریبا 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کرلی ہے۔ تمام بیلٹ پیپرز ڈی آر اوز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کئے گئے۔

ترجمان کے مطابق موسم کی خرابی کی وجہ سے ترسیل کے کام میں مشکلات کا سامنا رہا۔ تمام چیلنجز کے باوجود الیکشن کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا۔

دوسری طرف کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے الیکشن کمیشن کا دورہ کیا۔

ڈاکٹرگُڈلک ابیل کی قیادت میں وفد نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی۔

چیف الیکشن کمشنر کی طرف سے کامن ویلتھ آبزرورگروپ کا خیر مقدم کیا گیا، اور انھیں الیکشن کمیشن کی تیاریوں کے بارے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے عام انتخابات میں غیر ملکی آبزرورز کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایک سو سے زائد عالمی آبزرور انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے اپنے اعلامیہ میں بتایا تھا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 859 حلقوں کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کی گئی۔

تین سرکاری اداروں میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی سخت سکیورٹی میں کی گئی، 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے 2170 ٹن کاغذ استعمال کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 کے مقابلے میں 2024 کے عام انتخابات میں امیدواروں کی تعداد میں 150 فیصد اضافہ ہوا۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

الیکشن 2024

GENERAL ELECTION 2024