Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بی جے پی میں شمولیت کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے، دہلی کے وزیر اعلیٰ کا دعوٰی

کوئی بھی الزام لگایا جاسکتا ہے، کتنا ہی دباؤ ڈالا جائے جھکوں گا نہیں، اروند کیجریوال کا خطاب
شائع 04 فروری 2024 05:15pm

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا کہ ان پر حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے اتوار کو دہلی کے علاقے روہنی میں ایک اسکول کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کتنا ہی دباؤ ڈالے، مجھے جھکا نہیں سکے گا۔

اروند کیجریوال نے کہا کہ بی جے پی والے مجھ سے کہہ رہے ہیں کہ ہماری صف میں آ جآؤ۔ یہ لوگ دباؤ بڑھانے کے لیے مجھ پر کوئی بھی الزام لگاسکتے ہیں۔ اس کے بعد یہ مجھے تنہا چھوڑ دیں گے۔ میں نے صاف کہہ دیا ہے کہ میں کسی بھی حال میں بی جے پی میں شمولیت اختیار نہیں کروں گا۔

اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ بی جے پی کی سربراہی میں مرکزی حکومت تعلیم اور صحت پر بجٹ کا صرف 4 فیصد خرچ کرتی ہے جبکہ دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت اسپتالوں اور اسکولوں پر بجٹ کا 40 فیصد تک خرچ کرتی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلٰی نے اپنی پارٹی کے دو ایم ایل ایز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کی خدمت کی سزا دی جارہی ہے۔ منیش سسوڈیا کا قصور یہ ہے کہ وہ اچھے اسکول تعمیر کر رہے تھے اور ستییندر جین کی غلطی یہ تھی کہ وہ اچھے اسپتال اور محلہ کلینک بنوارہے تھے۔

واضح رہے کہ مختلف الزامات کے تحت دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی سے تعلق رکھنے والے ان دونوں ایم ایل ایز کو جیل میں ڈال رکھا ہے۔

Bharatiya Janata Party

Arvind Kejriwal

AAM AADAMI PARTY

CHIEF MINISTER OF DELHI