Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آج کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے، مشعال ملک

ھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کی آبادکاری کے اقدامات کررہا ہے، مشعال ملک
اپ ڈیٹ 05 فروری 2024 01:01am

نگراں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال ملک نے کہا ہے کہ آج کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جارہا ہے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

مشعال ملک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے تمام طبقات کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتےہیں، مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کررہی ہے، بھارت سیاسی اورحریت رہنماؤں کی آواز دبانے کیلئے کوشاں ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہندوؤں کی آبادکاری کے اقدامات کررہا ہے، مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو شہید کیا جارہا ہے، ہندو انتہا پسند مسلمانوں کو مذہبی رسومات ادا نہیں کرنے دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، کشمیری بھارتی فوج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے کھڑے ہیں

قبل ازیں، انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب بھی کیا۔

اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر ڈاکٹر طارق محمود خان اور آل کشمیر نیوز پیپرز ایسوسی ایشن ( اے کے این اے) کے اراکین اور نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

سیمینار میں ڈی جی انفارمیشن سروس اکیڈمی ارشد منیر، ڈی جی پی آئی ڈی عنبرین گل، صدر اے کے این اے امجد چودھری اور سول سوسائٹی اور دیگر میڈیا ایسوسی ایشنز کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل انفارمیشن آفیسر طارق محمود نے کہا کہ 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہ تقریب منفرد نوعیت کی ہے جس کا انعقاد حکومت پاکستان اور کشمیر میڈیا مل کر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے، اگر ہندوستان کو لگتا ہے کہ وہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبا سکتا ہے تو یہ ناممکن ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے کے این ایس کے صدر شہباز چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی اس لازوال محبت کے قرض دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ حکومت اور عسکری قیادت کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس دن کو ایک نئے جذبے سے منانے کا آغاز کیا ہے۔

اے کے این ایس کے فنانس سیکرٹری جاوید چوہدری نے کہا کہ اس خطے میں جب تک مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہو گا امن قائم نہیں ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم روز اول سے اس تحریک کیساتھ وابستہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے۔

سیمینار میں دانشور حضرات، سول سوسائٹی، وکلائ اور کشمیری صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

kashmir solidarity day

Mushaal Hussein Mullick