Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

6 ماہ میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے کتنے کمائے؟

ببجٹ میں مجوزہ وصولی کا نصف سے زائد حاصل ہوگیا، رواں مالی سال کا نظرِ ثانی شدہ ہدف 918 ارب روپے ہے
شائع 04 فروری 2024 02:34pm

حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 6 ماہ کے دوران عوام سے 472 ارب روپے وصول کیے ہیں۔ گزشتہ برس اِسی مدت کے دوران وصول کی جانے والی لیوی سے یہ وصولی 166 فیصد زیادہ ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران وصول کی جانے پیٹرولیم لیوی پورے مالی سال کے لیے بجٹ کی مجوزہ پیٹرولیم لیوی کا 54 فیصد ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میںٰ 222 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔

حکومت نے رواں مالی سال کے لیے بجٹ میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے کی وصولی متعین کی تھی تاہم آئی ایم ایف کو بعد میں یقین دہانی کرائی گئی کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 50 روپے فی لیٹر سے بڑھاکر 60 روپے فی لیٹر کیے جانے کی صورت میں مجموعی وصولی 918 ارب روپے ہوجائے گی۔

جولائی تا دسمبر ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں مجموعی طور پر 15 فیصد کمی واقع ہوئی۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کاؤنسل کے بیان کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 76 لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن رہی۔

IMF

Petroleum Levy

REVISED TARGET FOR THE YEAR