Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی پی کو قومی اسمبلی کی 100 سے کم نشستیں ملیں گی، سابق وزیراعلیٰ سندھ کا اعتراف

کچھ لوگ ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم مردہ گھوڑا ہے، حیدرآباد میں مراد علی شاہ کی میڈیا ٹاک
شائع 04 فروری 2024 12:54pm

سندھ کے سابق وزیر اعلٰی سید مراد علی شاہ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں شاید 100 نشستیں حاصل نہ کرسکے۔

حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لوگ انہیں ووٹ نہ دیں جو ان کا ووٹ ضایع کریں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں اچھا فارم کرے گی اور پنجاب سے بھی اچھی نشستیں ملیں گی۔

سابق وزیر اعلٰی سندھ کا کہنا تھا کہ حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے چاہنے والے رہتے ہیں۔ بلاول بھٹو واحد لیڈر ہیں جو اپنی سوچ سامنے لارہے ہیں، بیان کر رہے ہیں۔ باقی لوگ تو ماضی میں پھنسے ہوئے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ پورا ملک ان سے دو سال میں عاجز آجاتا ہے کہ ان کو نکالو۔ شریفوں نے اپنی مدتِ حکومت پوری نہیں کی۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں نے ایم کیو ایم کے کئی دور دیکھے ہیں۔ جب میں اسکول میں پڑھتا تھا تب کراچی میں بھتہ دیے بغیر گزر نہیں سکتے تھے۔ اب حالت یہ ہے کہ یہ لوگ دوسروں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ ہمیں جتوادو۔ ایم کیو ایم مردہ گھوڑا ہے جسے خوراک دے کر زندہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایم کیو ایم وہ جماعت ہے جسے اِدھر کہیں تو اِدھر اور اُدھر کہیں تو اُدھر ہو جاتی ہے۔

ایک سوال پر سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی پی پی کے حامیوں میں ہر زبان کے بولنے والے ہیں۔ ہم 45 سے 50 سیٹیں حاصل کر لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور کے پی کے میں بھی ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے۔ میں یہ نہیں کہتا کہ ہم 100 سے زیادہ نشستیں حاصل کرلیں گے مگر ہماری کارکردگی بری نہیں رہے گی۔

media talk

Syed Murad Ali Shah

FORMER CM OF SINDH

MQM A DEAD HORSE