Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن 2024: مینجمنٹ سسٹم کی تیسری بار تجرباتی مشق ’آن لائن اور آف لائن یکساں رفتار‘

تمام مطلوبہ مراحل اور اہداف کی کامیابی سے تکمیل ہوئی، ترجمان الیکشن کمیشن
شائع 03 فروری 2024 10:14pm

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن مینجمنٹ سسٹم کی آج ایک اور تجرباتی مشق کی گئی، جس میں تمام مطلوبہ مراحل اور اہداف کی کامیابی سے تکمیل ہوئی۔

تجرباتی مشق میں ملک بھر کے 859 انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ آفیسرز شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس نظام کی تمام حوالوں سے آن لائن اور آف لائن دونوں صورتوں میں اہلیت کو جانچا گیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کو ہر لحاظ سے اطمینان بخش پایا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا بنیادی مقصد انتخابی نتائج کی تیاری ہے، اس کا استعمال انتخابات کے دن 8 فروری کو ہو گا۔

ترجمان کے مطابق یہ نظام آن لائن اور آف لائن موڈ دونوں صورتوں میں یکساں رفتار اور اہلیت سے کام کرتا ہے۔ آج کی تجرباتی مشق نے ای ایم ایس کو مکمل فعال اور موثر ثابت کیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ مشق کے دوران ای ایم ایس سےانتخابی نتائج کی ترسیل ، فارم۔47 جنریٹ کرنے کا عمل کئی بار دہرایا گیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات سے قبل الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کے ذریعے نتائج کے لیے تجرباتی مشق اس سے پہلے دو بار کی جاچکی ہے۔

28 جنوری کو کی گئی مشق کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا تھا کہ تجرباتی بنیادوں پر الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کی فرضی مشق کا کامیاب انعقاد کیا، جس کے مفید اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

انتخابات 2024

GENERAL ELECTION 2024