Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان اور بشریٰ میاں بیوی نہیں، لیکن ناجائز تعلقات کا الزام بھی ختم

’بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو میاں بیوی تصور نہ کیا جائے‘، غیر شرعی نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری
اپ ڈیٹ 03 فروری 2024 10:05pm

عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا جاچکا ہے، جس میں کہا گیا ہے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو میاں بیوی تصور نہ کیا جائے۔

تاہم فیصلے سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ مقدمے کے دوران عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف ناجائز تعلقات کا الزام دم توڑ گیا۔

سینئر سول جج قدرت اللہ نے عدت میں نکاح کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔

پچاس صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مدعا علیہان کو پی پی سی کی دفعہ 496 کے تحت جرم کا مرتکب پایا گیا اور اس کے نتیجے میں بانی چیئرمین اور بشریٰ بی بی کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

فیصلے کے مطابق بانی چیئرمین اور بشری بی بی کو پانچ پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چار ماہ مزید قید کاٹنی ہوگی۔

فیصلے کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کر دی گئی ہیں، فیصلہ اوپن کورٹ میں ملزمان کی موجودگی میں سنایا گیا۔

فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ یکم جنوری 2018 کا نکاح غیر قانونی ثابت کرنے میں کامیاب رہے، خاور مانیکا نے ثابت کیا شادی کی تقریب بدیانتی پر مبنی تھی، درخواست گزار نے یہ بھی ثابت کیا کہ فراڈ کی نیت سے نکاح ہوا۔

فیصلے کے مطابق تنہائی میں ملاقاتوں سے متعلق خاور مانیکا کے بیان کی تردید نہیں کی گئی، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں آپس میں رابطے کی تصدیق کی، کیس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 496 کے تحت جرم ثابت ہوتا ہے۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ کیس میں وارنٹ آف کمٹمنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو جاری کیا جاتا ہے، سنائی گئی سزا سے گزرنے کیلئے دونوں مدعا علیہان کو جیل میں رکھنے کا اختیار دیا جاتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے میں عدت کا دورانیہ حتمی طور پر 39 دن مختص نہیں کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ حقائق کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوسرا نکاح فروری 2018 میں کیا، اگر پہلا نکاح عدت میں نہ ہوتا تو دوسرا نکاح کبھی نہیں کیا جاتا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سپریم کورٹ فیصلے کا فائدہ نہیں دیا جا سکتا۔

فیصلے کے مطابق یکم جنوری 2018 کو نکاح کے بعد خاور مانیکا کو عدت ختم ہونے سے پہلے رجوع سے محروم کیا گیا، خاور مانیکا کو اس عمل کے ذریعے اپنی بیوی سے محروم کر دیا گیا تھا جو بے ایمانی کا فعل تھا، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان تعلقات کی شروعات سے ہی فراڈ تھا۔

تفصیلی فیصلے میں عدت سے متعلق مختلف قرآنی آیات کا حوالہ دیا گیا ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ شکایت کنندہ کے مطابق اس کی بشریٰ بی بی سے 1989 میں شادی ہوئی جو خوشگوار چل رہی تھی، شکایت کنندہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی بہن کے ذریعے بشریٰ بی بی سے رابطے شروع کیے، شکایت کنندہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے دھرنے کے دوران بشریٰ بی بی سے رابطے شروع ہوئے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ شکایت کنندہ کے مطابق پیری مریدی کے ذریعے بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی نجی زندگی میں دخل شروع کیا، ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے دونوں کا تعلق یکم جنوری 2018 کے فراڈ نکاح سے بھی پہلے کا تھا، خاور مانیکا نے حلف پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے تعلقات دھرنے میں شروع ہوئے۔

خاور مانیکا کے مطابق دونوں کئی کئی گھنٹوں ملاقات معمول پر کرتے رہے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے دھرنے میں ملاقات کرنے کی تردید نہیں کی، اپنے بیان میں دونوں نے رابطوں کا اعتراف کیا لیکن ناجائز تعلقات کی تردید کی، ثابت ہوتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کے گھر آتے جاتے تھے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ گھر میں ملاقاتوں کے بعد بشریٰ بی بی نے بنا اجازت بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ جانا شروع کردیا، جس پر شکایت کنندہ (خاور مانیکا) نے انہیں بزور طاقت روکنے کی کوشش کی اور اس دوران تلخ جملوں کا تبادلہ اور کئی مرتبہ گالم گلوچ بھی ہوئی۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ سوال اٹھتا ہے کیا انہیں معلوم نہیں تھا کہ اکیلے ملاقات کرنے کی اجازت دین میں ہے یا نہیں، محرم نامحرم کی اہمیت اسلام میں بہت اہم ہے، فراڈ کا عنصر بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی کے تعلقات شروع ہونے کے پہلے دن سے نظر آتا ہے۔

عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں یہ بھی کہا کہ یکم جنوری 2018 کو کی گئی شادی کو فراڈ، بےایمانی کہا جاسکتا ہے، بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے یکم جنوری 2018 کو غیر قانونی شادی کی۔

عدالت نے کہا کہ دونوں نے فروری 2018 میں نکاح کی تقریب منقعد کرنے کی تردید نہیں کی، فروری 2018 میں منعقد کی گئی تقریب کو دونوں نے دعائیہ تقریب کہا، فروری 2018 میں تقریب کرنا عون چوہدری، مفتی سعید کے بیان کی تصدیق کرتا ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ثابت ہوا بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے 2 بار نکاح کیا، ثابت ہوا بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے پہلا نکاح جنوری 2018، دوسرا فروری 2018 میں کیا، ثابت ہوا جنوری 2018 میں کیا گیا نکاح عدت کے دورانیہ مکمل ہونے سے پہلے تھا، بشریٰ بی بی کو خاور مانیکا نے 14 نومبر 2017 میں طلاق دی، 90 دن سے قبل دوسرا نکاح کیا، وکیل صفائی نے بار بار کہا کہ سپریم کورٹ نے عدت کا دورانیہ 39 روز رکھا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایسا نہیں کہ ہر عدت کیس میں دورانیہ 39 روز ہی ہوگا۔

لیکن فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 496 بی کا چارج فریم نہیں کیا گیا کیونکہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 103 کے لوازمات پورے نہیں ہوئے ۔

واضح رہے کہ دفعہ 496 غلط نکاح سے متعلق ہے جب کہ 496 بی شادی کے بغیر ناجائز تعلقات سے متعلق۔

imran khan

bushra bibi

Iddat Nikah Case

Imran Khan Bushra Bibi Convicted