Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بے قصور لوگوں کو نشانہ بنانا صریح ظلم، ملک کیلئے مل جل کر رہنا ہوگا، سعد رفیق

رواداری ناگزیر ہے، متحد نہ ہوئے تو یہ تھوڑی سی جمہوریت بھی نہی بچے گی، لاہور میں مسیحیوں سے خطاب
اپ ڈیٹ 03 فروری 2024 06:35pm

ریلوے کے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جوزف کالونی، جڑانوالہ اور شانتی نگر جیسے سانحوں سے دل کو بہت تکلیف پہنچتی ہے۔

لاہور میں مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وقت تو گزر ہی جاتا ہے مگر زخمی نہیں بھرتے۔ مذہب کسی کی جاگیر نہیں۔ کوئی کیسے فیصلہ کرسکتا ہے کہ کون جنت میں جائے گا اور کون جہنم میں۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر بے قصور لوگوں کو نشانہ بنانا صریح ظلم ہے۔ قرآن میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے کہ جو لوگ زمین میں فساد پھیلاتے ہیں اللہ انہیں پسند نہیں کرتا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ ملک میں برداشت اور رواداری کا حقیقی ماحول پیدا کریں۔ صبر و تحمل کے بغیر کوئی بھی ریاست برقرار رہ سکتی ہے نہ پنپ سکتی ہے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ قانون ہے۔ یہ دوئی ختم کرنا ہوگی۔ ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ ہم ذہنی پس ماندگی کے باعث پستی کی دلدل سے نکل نہیں پارہے۔

ن لیگ کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک میں لوگ انصاف کے لیے تیس تیس سال دھکے کھاتے ہیں۔ ہمیں یہ سسٹم درست کرنا ہے۔ جیسے جیسے ملک ترقی کرے گا، شکایات کم ہوتی جائیں گی۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قومی پرچم میں سبز رنگ ہمارا ہے اور سفید اقلیتوں کا۔ جب ہم ایک ہوتے ہیں تب پاکستان بنتا ہے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے لوگوں کا خیال رکھیں۔ ہم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو دوبارہ ٹریک پر لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

دھمکیاں، گالیاں اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، خواجہ سعد رفیق

صوبائی اسمبلیاں نہ توڑتے تو ۔۔۔ پی ٹی آئی کیلئے خواجہ سعد رفیق کا پیغام

ان کا مزید کہنا تھ اکہ انتخابات مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں۔ نئی حکومت کے تحت مل بیٹھ کر اگلے 2 عشروں کے لیے منصوبہ سازی کی جائے۔ لڑنے، جھگڑنے سے تو صرف ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ اگر ہم ایک نہ ہوئے تو جو جمہوریت باقی رہ گئی ہے وہ بھی نہیں بچے گی۔ بے روزگاری، مہنگائی اور لاقانونیت نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا۔ ۔۔۔۔۔۔

Christian Community

Jaranwala

KHWAJA SAAD RAFEEQ

KILLING INNOCENT PERSONS

JOSEPH COLONY