Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل سیزن 9: علی ظفر 6 سال بعد پھر انٹری کے لیے تیار

سیزن 9 کا آفیشل ترانہ کون کون گائے گا؟
اپ ڈیٹ 03 فروری 2024 09:07am

پاکستان سُپر لیگ کے پہلے 3 سیزنز کے ترانے آج تک نہ بھولنے والے شائقین کے دل کی مراد بالآخر 6 سال بعد پھر پوری ہونے جارہی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایونٹ کی تیاریوں کا آغاز جاری ہونے کے باوجود بلی تھیلے سے باہر نہیں آئی تھی کہ اس بار ترانہ کون گائے گا؟

یہ وہ ملین ڈالر سوال ہے جو سبھی شائقین کے ذہنوں میں پی ایس ایل کے ہر سیزن سے قبل آتا ہے کیونکہ ابتدائی 3 سیزنز کے بعد سے کوئی بھی ترانہ بھرپور توجہ حاصل نہیں کرسکا۔

تاہم گلوکارہ آئمہ بیگ کی انسٹا پوسٹ نے اس تجسس کا خاتمہ کردیا ہے۔

آئمہ نے ایک انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئرکیا جس میں یہ ’بریکنگ نیوز‘ دی گئی تھی۔

فروری میں ہونے والے پی ایس ایل 9 کا آفیشل ترانہ ایک بار پھر علی ظفر گائیں گے، اُن کا ساتھ ماضی میں بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے والی آئمہ بیگ دیں گی۔

واضح رہے کہ علی ظفر 2018 کے بعد ایک بار پھر پی ایس ایل سیزن 9 میں اپنی آوازکا جادو جگا کر مداحوں کی خواہش پوری کرنے جا رہے ہیں ۔

اس دوران راک اسٹار کا سفر چیلنجز سے بھرپور رہا کیونکہ انہیں 2018 میں گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے ہراسانی کے الزمات کے بعد سے پی ایس ایل ترانہ گانے کا موقع نہیں دیا گیا تھا۔

اس دوران علی عظمت اور عاصم اظہر سمیت دیگر کئی معروف نام پی ایس ایل کا حصہ بنے لیکن کوئی بھی شائقین کو وہ ’اسپارک‘ دینے میں ناکام رہا جو انہیں علی ظفرکے تیار کردہ ترانوں سے ملا۔

فی الحال علی ظفر کی جانب سے اس خبر کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہورہا ہے، سیزن 9 کا پہلا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

ali zafar

Aima Baig

Pakistan Super League

psl 9