Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کوئٹہ، جعفرآباد، مستونگ، تربت اور حب میں دھماکے، ایک شخص جاں بحق

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لے لیا
شائع 01 فروری 2024 08:15pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

بلوچستان کے مختلف علاقوں کوئٹہ، جعفرآباد مستونگ، تربت اور حب میں ہونے والے دھماکوں میں مجموعی طور پر ایک شخص جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے جبکہ ایک گاڑی اور 2 کانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بم دھماکے اور دستی بم حملے ہوئے، اسپینی روڈ سی پیک روڈ کے سنگم پر بجلی کے کمبے کے ساتھ نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک راہگیر 84 سالہ خالق شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بم ڈسپوزل سکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص بم کو مشکوک چیز سمجھ کر اسے ہاتھ لگانے کے ساتھ بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق بم 8 کلو گرام کے قریب وزنی ٹائم ڈیوئس تھا اور دھماکے میں 2 افراد معمولی زخمی بھی ہوئے جبکہ قمبرانی روڈ پر مسلم لیگ ن کے انتخابی دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔

اسی طرح کیچی بیگ کے علاقے کلی غلام جان میں کہچرے کے ڈھیر میں رکھا گیا بم دھماکے سے پھٹ جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔

جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں دستی بم کے دھماکے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر مقامی ہوٹل کے قریب دستی بم دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دستی بم کا دھماکا ڈیرہ اللہ یار میں بھٹی پھاٹک کے مقام پر ہوا۔ جہاں نامعلوم افراد نے کھڑے ٹرک پر دستی بم پھینک دیا۔ دستی بم کے دھماکے سے تین راہ گیر زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی ہے۔

بلوچستان کے شہر مستونگ میں بھی نامعلوم افراد نے سینٹرل جیل مستونگ پر دستی بم سے حملہ کردیا۔

پولیس کے مطابق دستی بم حملے میں سے سینٹرل جیل کا سپاہی زخمی ہوگیا، زخمی سپاہی مدثر کو اسپتال منتقل کردیا۔

اسی طرح بلوچستان کے شہر تربت میں بھی مولانا عبدالحق چوک کے قریب دستی بم کا دھماکا ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق تربت میں دستی بم کا دھماکا شہر کے مین روڈ پر بازار کے قریب ہوا ہے، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی شخص کو تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔

خضدار زہری بازار میں جمعیت علماءاسلام اور بی این پی مینگل کے مشترکہ دفتر کے قریب بھی دستی بم دھماکا ہوا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ قریبی 2 کانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔

اس کے علاوہ حب میں بھی کوسٹ گارڈ دفتر کے قریب دستی بم پھینکا گیا تاہم بم پھٹ نہ سکا۔

نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

دوسری جانب پنجگور میں وشبود کےعلاقے سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قلعہ عبداللہ پی بی 50 میں جھنڈے لگانے کے دوران اے این پی کے کارکنوں پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا۔

خیبرپختونخوا باجوڑ میں انتخابی مہم میں مصروف آزاد امیدوار ریحا ن زیب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکےقتل کردیا ،ریحان زیب کے قتل کے بعد الیکشن کمیشن نےباجوڑ این اے 8 اورپی کے 22 میں انتخابات ملتوی کردیے۔

الیکشن کمیشن کا نوٹس

الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ ، تربت اور جعفر آباد میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election 2024

GENERAL ELECTION 2024

Election Feb 1 2024

Jafferbad

Cracker blast