Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کروانے کے الزامات کو رد نہیں کیا، دفتر خارجہ

بھارت تو اپنی کرکٹ ٹیم پر تنقید کرنے والوں پر دہشت گردی کا الزام لگا دیتا ہے، دفتر خارجہ
اپ ڈیٹ 01 فروری 2024 07:50pm

دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، بھارتی فوج کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے، بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کروانے کے الزامات کو رد نہیں کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفننگ کے دوران میڈیا کو بتایا کہ ایران میں 9 پاکستانیوں کے قتل کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، یہ یقینی طور پر غیر انسانی عمل تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں موجود ہیں جس کے ٹھوس ثبوت افغان حکومت کو بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ نگراں وزیر خارجہ کل یورپی یونین انڈو پیسفک فورم میں شرکت کریں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور آرمی چیف سے ملاقات کی جبکہ دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف متفقہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کروانے کے الزامات کو رد نہیں کیا، بھارت کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات نئے نہیں ہیں، بھارت تو اپنی کرکٹ ٹیم پر تنقید کرنے والوں پر دہشت گردی کا الزام لگا دیتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ماضی میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث رہا ہے اور اب سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے پاکستانیوں کے قتل میں بھارتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کے ثبوت جاری کیے ہیں، 5 فروری کو پاکستان میں یوم یکجتی کشمیر منایا جائے گا، 5 فروری بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجتی کا دن ہے۔

صحافی کے سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے آفشیل سیکریٹ ایکٹ کے بارے کہا کہ ہمارا آڈٹ سسٹم مظبوط ہے سائفر سے متعلق عدالت کے ریمارکس پر کوئی تاثر نہیں دینا چاہتے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی کو سزا پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں پر تبصرہ نہیں کرتے۔

Pakistan Foreign Office

Mumtaz Zahra Baloch