Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مقتول آزاد امیدوار ریحان زیب کے چچا کا الزامات پر وضاحتی بیان جاری

ریحان زیب کی نماز جنازہ ادا
اپ ڈیٹ 01 فروری 2024 07:06pm

باجوڑ میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے انتخابی امیدوار ریحان زیب کے چچا نے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کل میں نے جذبات میں جن افراد کا نام لیا ان پر کوئی دعویٰ نہیں۔

ریحان زیب کو گزشتہ روز باجوڑ میں فائرنگ کرکے زخمی کیا گیا تھا، انہیں جب تک اسپتال منتقل کی گیا تب تک وہ دم توڑ گئے تھے۔

اسپتال میں ریحان زیب کے چچا نے تحریک انصاف کے امید وار گل ظفر خان کا نام لیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میرے بیٹے کے قاتل کا نام گل ظفر باغی ہے جو سابقہ ایم این اے باجوڑ اور تحریک انصاف پارٹی والا ہے، گل ظفر اور اس کے ساتھیوں نے تحریک انصاف والوں کے کہنے پر میرے بیٹے کو قتل کیا ہے‘۔

تاہم، آج انہوں نے وضاحتی بیان میں اپنا الزام واپس لیا اور کہا کہ میرا بھتیجا حکومت کی آنکھوں کے نیچے قتل ہوا ، ذمہ داری حکومت کی ہے۔

پی ٹی آئی امیدوار ریحان زیب خان کی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا

دوسری جانب پی ٹی آئی کارکن اور این اے 8 اور پی کے 22 کے آزاد امیدوار ریحان زیب خان کی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا کردی گئی۔

گزشتہ روز باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل کئے جانے والے پی ٹی آئی کارکن اور این اے 8 اور پی کے 22 کے آزاد امیدوار ریحان زیب خان کی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا کی گئی، جنازے میں باجوڑ ، مہمند ، دیر اور ملک بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، جس کے بعد ریحان زیب خان کو آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ریحان زیب خان کے قتل کے بعد این اے 8 اور پی کے 22 میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے ٹکٹ نہ ملنے پر ریحان زیب آزاد حیثت سے الیکشن لڑ رہے تھے۔

جنازے کے بعد مقامی لوگوں خار بازار چوک میں احتجاجی دھرنا جاری ہے، دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماء بھی شریک ہیں۔

پی ٹی آئی مقامی رہنما گل داد خان کا مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریاست کا کام عوام کو تحفظ دینا ہے لیکن ہمارے ریاست ہمیں تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے

Murder

Bajaur

Rehan Zaib