Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکا کی 70 سٹی کونسلز میں غزہ جنگ بندی کی قراردادیں منظور

مسلسل تنقید کے باوجود بائیڈن انتظامیہ کی ہٹ دھرمی برقرار، اسرائیلی حملے رکوانے سے انکار
شائع 01 فروری 2024 09:28am

امریکا کی 70 سٹی کونسلز میں غزہ جنگ بندی کی قراردادیں منظور کرلی گئیں، تاہم، امریکی صدر جو بائیڈن نے دباؤ کے باوجود جنگ بندی کے مطالبات مسترد کردیے۔

غزہ میں جنگ بندی کی قراردادیں کیلیفورنیا جیسی ڈیموکریٹک ریاستوں میں منظور کی گئی ہیں، مشی گن جیسی انتخابی چیلنج والی ریاستوں میں 14 قراردادیں منظور کی گئیں۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ غزہ میں تنازعہ ختم کرنے کا چیلنج درپیش ہے، شہریوں کی حفاظت کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل خان یونس پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے، غزہ میں ایجنسیاں امداد کی فراہمی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں، سب سے بڑامسئلہ امداد کو ضرورت مندوں تک پہنچانا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے، اسرائیل کے تازہ حملے میں نو فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک گھر پر بھی بمباری کی، جس میں دو افراد شہید ہوئے۔

فلشطینی میڈیا کے مطابق بیت حنون پر گولہ باری سے تین شہری شہید ہوئے، رفح شہرمیں گاڑی پر میزائل حملے میں بچے سمیت چار شہری شہید ہوئے، یرموک اسٹیڈیم پر حملے میں درجنوں شہری زخمی ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 150 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ 313 زخمی ہیں۔

غزہ میں فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 26 ہزار 900 ہوگئی ہے، جبکہ 65 ہزار 949 زخمی ہیں۔

غزہ میں حماس کے اسرائیلی فوجیوں پر تباہ کن حملے جاری ہیں۔ حماس نے راکٹ لانچروں سے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا جس سے کئی ٹینک تباہ ہوگئے، حماس نے حملے کی ویڈیوز بھی جاری کیں۔

تباہ شدہ ٹینکوں سے اسرائیلی فوجیوں کا سامان برآمد ہوا جسے حماس نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

تازہ حملوں میں ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد معلوم نہ ہوسکی۔

ceasefire

Antony Blinken

israeli air strikes

Gaza War

Hamas Attack

Israeli Bombing