پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارت کیخلاف کارروائی کی چین نے حمایت کردی
چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دو شہریوں کی ہلاکت کے حوالے سے بھارتی ایجنٹوں کے کردار کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے ہیں وہ درست ہیں اور ان کی حمایت کی جانی چاہیے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے الزامات پر فوری توجہ دی جانی چاہیے کیونکہ دہشت گردی کی مختلف شکلیں تمام ہی ممالک کے لیے انتہائی پریشانی کا باعث ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بیجنگ انسدادِ دہشت گردی کے حوالے سے دہرے معیار کا مخالف ہے کیونکہ اس سے کسی کو فائدہ پہنچے نہ پہنچے، سب کو نقصان ضرور پہنچتا ہے۔ تمام ممالک کو دہشت گردی کے خلاف مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔
پاکستان نے گزشتہ ہفتے الزام لگایا تھا کہ اس کے دو شہریوں کے قتل میں بھارت کے ایجنٹوں کا کلیدی کردار رہا ہے۔ بھارت نے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
علاقائی ممالک میں دہشت گردی کے حوالے سے بھارت کے کردار کے حوالے سے چین بھی تحفظات کا اظہار کرتا رہا ہے۔ بھارت اور چین کے درمیان 6 عشروں سے سرحدی کشیدگی برقرار ہے۔ سرحدی جھڑپوں میں اب تک چین کا پلہ بھاری رہا ہے۔ بھارت پاکستانی الزامات کے لیے چین کی حمایت پر بھارت نے اب تک کوئی باضابطہ ردِعمل ظاہر نہیں کیا۔ بین الاقوامی فورموں میں بھی بھارت اس کا بات کا شاکی رہا ہے کہ چینی قیادت پاکستان کے خلاف اقدامات کی راہ میں رکاوٹ بن کر کھڑی ہو جاتی ہے۔
Comments are closed on this story.