Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

اسرائیل 30 برس سے ناکام ہے، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں، برطانوی وزیر خارجہ

'تمام اسرائیلی مغوی رہا کیے جائیں اور حماس حملے روک دے'
اپ ڈیٹ 31 جنوری 2024 11:05pm

برطانیہ نے فلسطینی ریاست کو قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ لارڈ کیمرون کہتے ہیں کہ برطانیہ اس لمحے کی طرف تیزی سے بڑھنے کو تیار ہے جب فلسطینی ریاست کو مکمل قبولیت دی جائے گی۔

لارڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو سیاسی افق پر نمودار ہونے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی راہ ہموار ہو۔ 30 سال سے ناکامیوں کی کہانی چل رہی ہے۔ اسرائیل اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔

گزشتہ نومبر میں وزیر خارجہ مقرر کے جانے کے بعد سے لارڈ کیمرون مشرقِ وسطیٰ کا چوتھا دورہ شروع کر رہے ہیں۔

ویسٹ منسٹر میں کنزرویٹو مڈل ایسٹ کاؤنسل کے تحت منعقدہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ کیمرون نے کہا کہ فلسطینی ریاست کیسی ہوگی اس کے تعین کی ذمہ داری برطانیہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ فلسطینی عوام کو اس بات کا موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ دو ریاستوں کے نظریے کی طرف تیزی سے بڑھیں۔ ہم اپنے اتحادیوں سے مشاورت کے ذریعے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے امکان کا جائزہ لیں گے۔

لارڈ کیمرون نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کے لیے بین الاقوامی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔ حقیقی امن اور ترقی کی راہ اس وقت ہموار ہوگی جب اسرائیل اپنی ناکامی تسلیم اور قبول کرے گا۔

برطانیہ ایک مدت سے دو ریاستوں کے نظریے کا حامی رہا ہے اور اب، لارڈ کیمرون کے مطابق، برطانیہ فلسطینی ریاست کو باضابطہ قبولیت دینا چاہتا ہے تاکہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کا مکمل اور پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔

لارڈ کیمرون کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ کا نظم و نسق بہتر طور پر سنبھالنے کے لیے نئی فلسطینی اتھارٹی کا قیام بھی لازم ہے جس میں ٹیکنوکریٹس اور اچھے قائدین شامل ہوں۔ اسرائیل کے تمام مغویوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ یہ یقین دہانی بھی لازم ہے کہ حماس کی طرف سے اسرائیل پر حملے روک دیے جائیں گے۔ لارڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل مشکل ضرور ہے تاہم ناممکن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں :

سعودی ولی عہد کا 1967 کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

عالمی برادری فلسطین کو فوری طور پر آزاد ریاست تسلیم کرے، قومی فلسطین کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ

لندن میں فلسطین مشن کے سربراہ حشام زملوت نے کہا کہ لارڈ کمیرون کے خیالات بہت وقیع اور تاریخی ہیں کیونکہ پہلی بار برطانیہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

لارڈ کیمرون نے فلسطینی ریاست کی قبولیت کے حوالے سے جو کچھ کہا اُس کے مخالفین بھی برطانوی پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔ سابق وزیر اور رجعت پسند رہنما ٹیریسا ولیئرز کہتی ہیں کہ فلسطینی ریاست کے وجود کو تسلیم کرنے کا مطلب حماس کو اس کے مظالم پر نوازنا سمجھا جائے گا۔

FOREIGN MINISTER OF GREAT BRITAIN

RECOGNITION OF PALESTINIAN STATE

LORD CAMERON

A DIFFICULT DEAL