Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

دبئی میں صحت کی سب سے بڑی نمائش، 40 پاکستانی کمپنیاں شریک

نمائش میں 150 سے زیادہ ممالک کے تین ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان شریک
شائع 31 جنوری 2024 08:30am

عرب ہیلتھ کے نام سے خطے میں صحت کی سب سے بڑی نمائش دبئی میں جاری ہے، نمائش میں پاکستان سے چالیس کمپنیاں اور ادارے شامل ہیں۔

عرب ہیلتھ دبئی، صحت کے شعبے میں خطے کی سب سے بڑی نمائش ہے، جس میں 150 سے زیادہ ممالک کے تین ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہیں۔

ان میں سرمایہ کار، پروفیشنلز اور ایجوکیٹرز شامل ہیں۔

نمائش میں شامل پاکستانی کمپنیوں کی مصنوعات بھی توجہ کا مرکز ہیں۔

نمائش میں شریک پاکستانی کمپنی کے ایک نمائندے کا کہنا ہے کہ مجھے فخر ہے ہمارے پاس پاکستان میں تیار کیے گئے بہترین آلات موجود ہیں۔ ان آلات کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔ پاکستان دنیا کے بہترین آلات تیار کر رہا ہے۔ ہمارے اسٹور میں لوگوں کی دلچسپی نظر آرہی ہے۔

عرب ہیلتھ نمائش میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی کمپنیاں اس کا بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

ایک اور پاکستانی نمائندے نے کہا کہ ہم گزشتہ تین سال سے عرب ہیلتھ میں شرکت کر رہے ہیں۔ ہماری پروڈکٹ کو دنیا بھر میں، خصوصاً مشرق وسطیٰ اور عرب افریقہ میں متعارف کرنے کے لیے بہترین موقع ہے۔ ٹڈاپ کی طرف سے پاکستانی بزنس مین کو اچھا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ٹڈاپ کی طرف سے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا گیا ہے۔

وقت گزرنے کے ساتھ دبئی میں دیگر شعبوں کی طرح صحت شعبے نے بھی تیزی سے ترقی کی ہے اور اب اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات موجود ہیں۔

نمائش میں شریک بین الاقوامی کمپنی کے ایک نمائندے نے کہا کہ میں جب پچیس سال پہلے یہاں آیا تھا تو لوگ علاج کی بنیادی ضروریات کے لیے بھی بیرون ملک جاتے تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ رفتہ رفتہ آج یہ جگہ دیگر ممالک کے لوگوں کے لیے علاج کا مرکز بن چکی ہے۔ لوگوں نے پہلے یہاں کاسمیٹک سرجری، دانتوں کے بہترین علاج کے لیے آنا شروع کیا لیکن اب لوگ جوائنٹس کی تبدیلی، دل اور دماغ کے آپریشن سمیت دیگر کئی سرجریز کے لیے آرہے ہیں۔

چار روزہ ورلڈ ہیلتھ نمائش دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں یکم فروری تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستانی کمپنیوں کو اپنی ایکسپورٹ بڑھانے، نئی مارکیٹس تلاش کرنے اور دنیا بھر سے آنے والے انڈسٹری لیڈرز کے ساتھ رابطوں کا موقع ملے گا۔

dubai

Arab Health