Aaj News

بدھ, نومبر 06, 2024  
03 Jumada Al-Awwal 1446  

اے آر رحمان نے 2 کھوئی ہوئی آوازیں زندہ کردیں

اُن کے اہلِ خانہ سے اجازت لی اورمعاوضہ بھی دیا، بھارتی موسیقار وگلوکار کا انکشاف
شائع 30 جنوری 2024 11:37am
تصویر: فائل فوٹو
تصویر: فائل فوٹو

بھارتی آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے دنیا سے جانے والے 2 لیجنڈ گلوکاروں کی آوازوں کو ٹیکنالوجی کے استعمال سے دوبارہ تخلیق کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق موسیقار نے مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی مدد سے رجنی کانت کی فلم ’لال سلام‘ میں ’تھیمری یزودا‘ نامی گانے کے لیے بامبا باکیا اور شاہ الحمید کی آواز کو دوبارہ تخلیق کیا۔

دونوں گلوکاروں کی آوازوں کو دوبارہ تخلیق کرنے کے لئے اے آئی وائس ماڈلز کا استعمال کرنے والےاے آر رحمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نےاس کیلئے اہلِ خانہ سے اجازت لی اور اس کے لیے معاوضہ بھی دیا۔

اے آر رحمان ’لال سلام‘ کی ریلیز کے منتظر ہیں۔ ایشوریا رجنی کانت کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم 9 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھارتی موسیقار نے لکھا کہ ’ہم نے ان کے اہلِ خانہ سے اجازت لی اور ان کے صوتی الگورتھم کا استعمال کرنے کے لیے مستحق معاوضہ بھیجا۔

انہوں نے لکھا کہ ، ’ ٹیکنالوجی ایک خطرہ اور پریشانی نہیں ہے اگر ہم اسے صحیح طریقے سے استعمال کرتے ہیں’۔

بامبا باکیا اور شاہ الحمید نے اے آر رحمان کے ساتھ مل کر کام کیا تھا، انہوں نے بہت سے سپرہٹ گانے بنائے۔

شاہ الحمید 1997 میں ایک کارحادثے میں انتقال کر گئے تھے جبکہ بامبا باکیا 2022 میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔

سوشل میڈیا پر اس گانے کی ریلیز کے بعد سے صارفین کی جانب سے تبصروں میں بھارتی گلوکار کو خوب سراہا جارہا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’شاندار کوشش، اس اقدام کی تعریف کریں‘۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’بہت اچھا جناب،ان پیاری آوازوں کو زندگی دینے کے لئے شکریہ‘۔

ایک اور صارف اے آر رحمان کی اس کاوش سے خاصا خوش دِکھائی دے رہے ہیں۔

ایک صارف کے مطابق بھارتی گلوکار نے اے آئی کا بہت ہی خوب استعمال کیا۔

ایک صارف نے گلوکار کو انجینیئر کہہ ڈالا۔

lifestyle

Indian Singer

Artificial Intelligence (AI)

music video

Indian Musician

A.R Rehman

Remake